
لندن عارف چودھری۔
ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے طلحہ وحید کو ان کی تاریخی کامیابی پر مبارکباد دی اور ان کی محنت، نظم و ضبط اور ثابت قدمی کو سراہا۔ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ طلحہ وحید کی یہ کامیابی پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہے۔
طلحہ وحید نے ایک منٹ کے دوران 59 کامیاب ٹینس سروِز مکمل کر کے سابقہ 42 سروِز کا ریکارڈ توڑا تھا جس کے بعد ان کو گزشتہ برس باضابطہ طور پر گنیز ورلڈ ریکارڈ کا سرٹیفکیٹ دیا گیا تھا۔
ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ طلحہ وحید کی کامیابی نہ صرف ایک ذاتی سنگِ میل ہے بلکہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے اسپورٹس امیج کے لیے بھی ایک اہم پیش رفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلحہ وحید کی یہ کامیابی پاکستانی کھلاڑیوں کی بے پناہ صلاحیت کو اجاگر کرتی ہے۔ ان کا یہ عالمی ریکارڈ نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کا باعث بنے گا اور نچلی سطح پر ٹینس کے فروغ میں مدد دے گا۔انہوں نے مزید کہا ایسی کامیابیاں بیرونِ ملک پاکستان کے سافٹ امیج کو اجاگرکرتی ہیں اور عالمی سطح پر پاکستانیوں کی صلاحیت کو نمایاں کرتی ہیں۔
طلحہ وحید نے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل کی جانب سے حوصلہ افزائی اور تعاون پر شکریہ ادا کیا اور پاکستان میں ٹینس کے فروغ کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔
