نائب امیر جماعت اسلامی، سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے وزیرآباد،گجرات، گوجرانوالہ میں پنجاب بلدیاتی کالے قانون کے خلاف عوامی ریفرنڈم کیمپوں کا دورہ کیا

Spread the love

وزیرآباد:(نامہ نگار) نائب امیر جماعت اسلامی، سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے وزیرآباد،گجرات، گوجرانوالہ میں پنجاب بلدیاتی کالے قانون کے خلاف عوامی ریفرنڈم کیمپوں کا دورہ کیا اور عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے عوام بااعتماد بلدیاتی نظام چاہتے ہیں. حکومتِ پنجاب نے بدنیتی کی بنیاد پر عوام سے حقوق چھین کر نوکرشاہی کو مسلّط کردیا ہے. پنجاب بلدیاتی ترمیمی ایکٹ غیرجمہوری، غیرآئینی اور عوام سے شہری حقوق چھیننے والا کالا قانون ہے. حکومت پنجاب کے عوام کی آواز سُنے، بلدیاتی انتخابات کرائے اور بااختیار بلدیاتی نظام دے. وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ساری زندگی کے لئے وزارتِ اعلیٰ کا پٹہ نہیں لکھوالیا، جمہوری مزاج بنائیں، جمہوریت کی نرسری مقامی حکومتوں کے نظام کو بااختیار بنائیں اور نوجوانوں کے جمہوری حقوق کو بحال کرکے کالجز اور یونیورسٹیز میں طلبہ یونینز انتخابات کرائیں. پنجاب کے عوام جوق درجوق بلدیاتی کالے قانون کے خلاف عوامی ریفرنڈم میں حصہ لے رہے ہیں. پُرامن احتجاج، جمہوری مزاحمت ہی عوام کی طاقت ہے. پنجاب حکومت ضِد اور بالادستی کا غیرجمہوری طرزِ عمل ترک کردے اور بااختیار بلدیاتی نظام دے.
لیاقت بلوچ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 25 سالوں سے پی ٹی آئی، پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن وفاق اور صوبوں میں حکومتوں پر قابض ہیں؛ سِول ملٹری اسٹیبلشمنٹ کی آلہ کار بن کر حکمران جماعتوں نے جمہوریت اور آئینی اقدار کو پامال کیا ہے، اِسی وجہ سے ملک مسلسل بحرانوں کی دلدل میں دھنسا ہوا ہے، عوام کی محرومیوں اور پریشانیوں میں مسلسل اضافہ ہوتا چلا جارہا ہے. جماعتِ اسلامی بدل دو نظام کی جدّوجہد سے ملک پر مسلّط ناکارہ، فرسودہ اور مفادات و کرپشن پر مبنی نظام کا عوامی طاقت سے خاتمہ چاہتی ہے. سیاسی جمہوری قیادت کو اب ضِد، اَنا، ہٹ دھرمی چھوڑکر اپنی غلطیاں تسلیم کرلینی چاہئے اور قومی ترجیحات، قومی ڈائیلاگ، آئین کی فرمانروائی، غیرجانبدارانہ انتخابات کے اُصولوں پر اتفاق کرکے ملک و مِلّتِ کو حقیقی جمہوریت کی پٹڑی پر ڈالنے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہئے. انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ کا غیرحقیقت پسندانہ، آمرانہ اور غیرانسانی اُسلوب پوری دُنیا کے امن کے لئے خطرے کا باعث بنا ہوا ہے. ایران میں رجیم چینج میں امریکہ و اسرائیل پہلے بھی ناکام ہوئے اور اب بھی وہ ناکام ہی رہیں گے. ایران میں غیرملکی فوجی مداخلت پورے عالمِ اسلام کی غیرت کےلئے چیلنج ہوگا. پاکستان کے عوام ایرانی عوام اور قیادت کیساتھ غیرمتزلزل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں. امریکہ کسی کا دوست نہیں؛ امریکی سیاست جبر، ظلم اور اپنے مفادات کی تکمیل کی سیاست ہے.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں