مالاکنڈ ورسٹیز کنسورشیم کا تیسرا اجلاس یونیورسٹی آف سوات میں منعقد ہوا۔

Spread the love

شرکاء نے وائس چانسلر یونیورسٹی آف سوات ڈاکٹر حسن شیر کا اجلاس کے انعقاد پر شکریہ ادا کیا۔

سوات(نمائندہ خصوصی)اردو گلوبل نیوز کے مطابق مالاکنڈ ورسٹیز کنسورشیم کا تیسرا اجلاس یونیورسٹی آف سوات میں منعقد ہوا۔ اجلاس کے مہمانِ خصوصی اسپیشل سیکرٹری ہائر ایجوکیشن، آرکائیوز اینڈ لائبریریز ڈیپارٹمنٹ، جناب شریف حسین تھے، جنہوں نے اجلاس کی صدارت بھی کی۔اجلاس میں مالاکنڈ ڈویژن کی تمام شریک جامعات کے وائس چانسلرز نے شرکت کی، جن میں یونیورسٹی آف سوات، یونیورسٹی آف مالاکنڈ، یونیورسٹی آف بونیر، شہید بے نظیر بھٹو یونیورسٹی شیرنگال، یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز سوات، یونیورسٹی آف ایگریکلچر سوات اور یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز سوات شامل ہیں۔ اس کے علاوہ پرنسپل سیدو میڈیکل کالج نے خیبر میڈیکل یونیورسٹی پشاور کی نمائندگی کرتے ہوئے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس کے دوران ورکنگ پیپر پر تفصیلی غور و خوض کے بعد اسے حتمی شکل دی گئی، جبکہ شراکت دار جامعات کے درمیان لیٹر آف انٹینٹ (LoI) پر دستخط بھی کیے گئے۔ یہ دستاویز پروفیسر ڈاکٹر حسن شیر، وائس چانسلر، یونیورسٹی آف سوات کی جانب سے ترتیب دی گئی تھی، جس کا مقصد ان اداروں کی مشترکہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے جدت، استعداد سازی اور خطے کی سماجی و معاشی ترقی کو فروغ دینا ہے۔اجلاس میں کنسورشیم کے کلیدی مقاصد پر تفصیل سے تبادلۂ خیال کیا گیا، جن میں تعلیمی اشتراک، تحقیق و جدت، اساتذہ و عملے کی پیشہ ورانہ ترقی، نوجوانوں کی شمولیت اور سماجی ترقی، پالیسی سازی میں معاونت و بیرونی روابط، انتظامی ڈھانچہ اور کنسورشیم کا مستقبل کا لائحہ عمل شامل ہیں۔اجلاس کے اختتام پر تمام شرکاء نے معزز اسپیشل سیکرٹری ہائر ایجوکیشن کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے قیمتی وقت نکال کر اجلاس کی صدارت کی۔ شرکاء نے وائس چانسلر یونیورسٹی آف سوات ڈاکٹر حسن شیر کا اجلاس کے انعقاد اور میزبانی پر بھی دلی شکریہ ادا کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں