وزیر آباد (طارق ملک بیورو چیف) غلبہ اسلام کے خواب کی عملی تعبیر کے لئے جبر واستبدال کے نظام کے خلاف زینہ سپر ہونے کی ضرورت ہے۔ دجالی فتنوں کی سرکوبی کے لیے کردار کی عظمت کو اپنانا ہو گا۔ صعوبتوں کو استقامت کے ساتھ برداشت کرنے والے افراد مصطفوی مشن کا سرمایہ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ممتاز اسکالر علامہ ثناء اللّٰہ ربانی نے منہاج القرآن اسلامک سنٹر جامع مسجد حافظ معینی قادری رحمتہ اللّہ علیہ میں خطبہ جمعہ کے بعد ایک تنظیمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ اخلاص و ایثار کا جذبہ ترویج دین کی سیڑھی ہے اور سیرت مصطفٰی صلی اللّٰہ علیہ وسلم جدوجہد سے عبارت ہے اور امت کی بقا اخلاص و اتحاد کی متقاضی ہے ۔ انہوں نے کارکنوں کو تلقین کی کہ وہ عشق رسول صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی شمع کی روشنی قریہ قریہ پھیلا کر مسلم نوجوانوں کو مشن کا ہراول دستے بنانے کے لئے ہمہ تن مصروف عمل ہو جائیں اور جبر واستبدال اور استحصالی نظام کے خلاف لوگوں کا شعور بیدار کریں۔ اس موقع پر محمد منیر مغل، نعیم قادری ،سلیم قادری محمد یوسف اور منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ذمہ داران بھی موجود تھے۔
