ملکی ترقی کے پیچھے اصل کردار بیوروکریسی کا ہے۔ڈاکٹر عالمزیب مہمند

Spread the love

بیورکریٹس، ٹیکنیکل ماہرین اور اعلی افسران اپنے اپنے شعبوں میں کلیدی کردار ادا کریں۔رہنما پاکستان پیپلزپارٹی

پشاور(نمائندہ خصوصی)اردو گلوبل نیوز کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما و سابق ڈائریکٹر جنرل لائیو اسٹاک خیبرپختونخوا ڈاکٹر عالمزیب خان مہمند نے کہا کہ ملکی ترقی کے پیچھے اصل کردار بیوروکریسی کا ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان خصوصاً پنجاب اور سندھ میں الحمدللہ نمایاں ترقی ہو چکی ہے۔ لاہور، ملتان، فیصل آباد، راولپنڈی اور دیگر شہروں میں سڑکیں، موٹر ویز، عمارات، صنعتیں، تعلیمی ادارے، اسپتال اور آباد زمینیں اس ترقی کا واضح ثبوت ہیں۔ پنجاب اپنی تقریباً 75 فیصد اور سندھ 80 فیصد سے زائد زمینیں آباد کر چکا ہے، جو ایک بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی کے پیچھے اصل کردار بیوروکریسی کا ہے، جو ریاست کی ریڑھ کی ہڈی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتیں بدلتی رہتی ہیں، مگر بیوروکریسی اگر ایک پیج پر ہو تو ترقی کا سفر رکتا نہیں۔ یہی وجہ ہے کہ بڑے صوبوں میں منصوبے تسلسل کے ساتھ آگے بڑھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میری گزارش ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ چھوٹے وقتی منصوبوں کے ساتھ ساتھ بڑے، اسٹریٹجک اور 8 سے 10 سالہ منصوبے شروع کیے جائیں، خصوصاً پانی کے ذخائر اور بہتر استعمال، بجلی اور توانائی کی مقامی پیداوار، نہری نظام (Irrigation) کی مکمل اصلاح ،دریاؤں پر مؤثر منصوبہ بندی تاکہ سیلاب سے بچاؤ ہو ،بنجر اور خراب زمینوں کی بحالی ،زراعت، دودھ، خوراک اور صنعت میں خودکفالت اگر ان شعبوں میں مربوط اور طویل المدتی منصوبہ بندی کی جائے تو پورا صوبہ، بلکہ پورا ملک، خوراک، توانائی اور صنعت میں خودکفیل ہو سکتا ہے۔پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما و سابق ڈائریکٹر جنرل لائیو اسٹاک خیبرپختونخوا ڈاکٹر عالمزیب خان مہمند نے اردو گلوبل نیوز کے ساتھ ایک انٹرویو میں کہا کہ تمام بیوروکریٹس، ٹیکنیکل ماہرین اور اعلیٰ افسران سے عاجزانہ درخواست ہے کہ وہ اپنے اپنے شعبوں میں بڑے وژن کے ساتھ کام کریں تاکہ آنے والی نسلوں کو ایک مضبوط، محفوظ اور خوددار پاکستان مل سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں