صحافی برادری کی بہتری کیلئے مشترکہ اقدامات کا دائرہ کار وسیع کریں گے ؛ قائدین کا مشترکہ اعلامیہ :
گوجرانوالہ (بیورو رپورٹ) گلوبل یونین آف جرنلسٹس گوجرانوالہ کے صدر اطہر سلطان مغل اور جنرل سیکرٹری مدثر عظیم انصاری نے عالم چوک پریس کلب کے مرکزی سیکرٹریٹ کا خصوصی دورہ کیا اور سینئر صحافی و بیورو چیف روزنامہ عبادت لاہور مہر عظمت اللہ کو عالم چوک پریس کلب کا دوسری مرتبہ بلامقابلہ صدر منتخب ہونے پہ مبارکباد پیش کی ۔ مہر عظمت اللہ نے گلوبل یونین کے مہمان وفد کا شکریہ ادا کیا اور اس عمل کو صحافتی اقدار کے حوالے سے انتہائی خوش آئند قرار دیا ۔ اس موقع پہ عالم چوک پریس کلب کے نومنتخب جنرل سیکرٹری محمد افضل مغل ، فنانس سیکرٹری رانا محمد اشفاق سمیت دیگر اراکین بھی موجود تھے ۔ میزبانوں نے مہمان گلوبل قائدین کو مالا پہنائی اور پھولوں کے گلدستے پیش کئے ۔ تمام قائدین نے صحافی برادری کے بہتر مستقبل اور درپیش مسائل کے حل کیلئے مستقبل میں مل جل کر چلنے کا عزم کیا . دو گھنٹے سے زائد جاری رہنے والی اس ملاقات میں مہر عظمت اللہ ، محمد افضل مغل ، اطہر سلطان مغل اور مدثر عظیم انصاری کے مابین باہمی دلچسپی کے امور پہ تفصیلی گفتگو ہوئی ۔ آخر میں مہر عظمت اللہ کے بلامقابلہ صدر منتخب ہونے کی خوشی میں کیک کاٹا گیا اور مہمانوں کی پرتکلف لوازمات سے تواضع کی گئی ۔ دونوں صدور نے اپنے اپنے پلیٹ فارمز کے تحت صحافی برادری کی فلاح و بہبود ، پیشہ وارانہ چیلنجز سے نمٹنے ، نئے صحافیوں کیلئے تربیتی ورکشاپس کے انعقاد کو عملی شکل دینے پر اتفاق کیا ۔
