وزیرآباد:(نامہ نگار) نائب امیر جماعتِ اسلامی، سیکرٹری جنرل مِلی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ اسرائیل کو کبھی بھی تسلیم نہ کرنے کے بلنگ بانگ دعوے کرنے والے پاکستانی حکمران آج فلسطینیوں کے قاتل، بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ جنگی مجرم نیتین یاہو اور فلسطینیوں کی نسل کُشی کے لئے ناجائز صیہونی ریاست کے سب سے بڑے سہولت کار اور سرپرستِ اعلیٰ امریکی صدر ٹرمپ کے اتحادی بن کر مسجدِ اقصٰی اور اُس کے محافظوں کے خون سے غداری کے مرتکب ہوئے ہیں۔ حسینیت کی علمبرداری کے دعوے دار پاکستانی حکمران یزیدیت کے پیروکار بن گئے۔ حق کے پرچارک کہلوانے کا ڈھنڈورا پیٹنے والے باطل کے طرف دار بن گئے۔ لیکن حکمران یاد رکھیں، قانونِ قدرت یہی ہے کہ “حق آکر رہے گا اور باطل مٹ کر رہے گا، بیشک باطل آیا ہی مِٹ جانے کے لئے ہے۔” وہ صدر بابائے صحافت پریس کلب وزیرآباد افتخار احمد بٹ ، صابر حسین بٹ، سید ضمیر کاظمی اور سیف اللہ بٹ سے گفتگو کر رہے تھے انہوں نے کہا کہ اسرائیل نواز پالیسی اختیار کرکے حکمران قائد اور اقبال کی فلسطین پالیسی سے کُھلم کھلا انحراف اور غزہ کے 70 ہزار فلسطینی شہداء کے خون سے غداری کے مرتکب ہوئے ہیں۔ فلسطینیوں کی آزادی کی جنگ لڑکر اپنے عظیم شہید قائدین کی قربانیاں دینے والے حماس اور فلسطینی عوام کو نظرانداز کرکے امریکی-اسرائیلی اتحاد کا حصہ بننا القدس کی آزادی کے مشن سے غداری، فلسطین فروشی، غزہ فروشی ہے۔ دُنیا بھر کے غیور مسلمان اور اسلامیانِ پاکستان اس اسرائیل نواز اور فلسطین دشمن پالیسی کو مسترد کرتے ہیں۔ اسرائیلی کھل کر کہتے ہیں کہ جب تک مسجد اقصٰی کا انہدام نہ ہو اسرائیل کے قیام کا مقصد پورا نہیں ہوسکتا۔ پیس بورڈ میں شمولیت اسرائیل کو تسلیم کرنے کی طرف پیش قدمی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اِس اقدام کے بعد حکمرانوں سے یہی توقع کی جاسکتی ہے کہ خاکمِ بدہن وہ اسرائیل کو تسلیم کرلینے سے بھی گریز نہیں کریں گے۔ وفاقی وزیر احسن اقبال کا یہ بیان کہ پیس بورڈ میں شمولیت نہ کرتے تو تنہا رہ جاتے دراصل غلامانہ ذہنیت کی عکاسی ہے۔ میں اُن سے پوچھتا ہوں کہ کیا 30 سے زائد یورپی ممالک، جن کو بورڈ میں شمولیت کی دعوت دی گئی تھی لیکن اُنہوں نے اِس نام نہاد بورڈ آف پیس میں شمولیت سے قطعی انکار کردیا، اقوامِ متحدہ کے پانچ مستقل ارکان میں سے امریکہ کے علاوہ بقیہ چار مستقل ارکان بشمول روس اور چین نے بورڈ میں شمولیت اختیار نہیں کی، کیا وہ دُنیا میں تنہا رہ گئے۔ حقیقت تو یہ ہے کہ دُنیا فلسطینیوں کے ساتھ اور آپ فلسطینیوں کے قاتل امریکہ اور اسرائیل کے صف میں کھڑے ہوگئے ہیں۔
