جہلم (بیورو رپورٹ) جہلم پریس کلب کے صحافیوں نے دینہ پریس کلب کے نومنتخب عہدیداران کے اعزاز میں عشائیہ کی تقریب کا انعقاد کیا۔ نجی ہوٹل پہنچنے پرچیئرمین جہلم پریس کلب چوہدری عابد محمود، نائب صدر مرزا قدیر بیگ، صدر الیکٹرانک میڈیا عامر کیانی، صدر ڈسٹرکٹ یونین آف جرنلسٹس چوہدری مہربان حسین، معروف سینئر صحافی عبدالرحمن قادری، چوہدری دانیال عابد نے معزز مہمانوں قائمقام صدر احسان جنجوعہ، جنرل سیکرٹری افتخار مغل، فنانس سیکرٹری سید جواد حسین نقوی، انفارمیشن سیکرٹری محمد اقبال خان، معروف سینئر صحافی عبدالباسط مجاہد، معروف سینئر صحافی شیخ عتیق الرحمن، ذوالقرنین شاہ اور میاں ذوالفقار کا پرتپاک استقبال کیا۔ پھولوں کے ہار پہنائے گئے اور مبارکباد پیش کی گئی۔
اس سادہ مگر پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیرمین جہلم پریس کلب چوھدری عابد محمود نے کہا کہ آج بھی صحافی عدم تحفظ کا شکار ہیں، حکومت اور ریاستی اداروں کو صحافیوں کی فلاح و بہبود اور تحفظ کے لیے ٹھوس اور عملی اقدامات کرنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع بھر کی صحافی برادری نے ہمیشہ عوامی مسائل کو بے باکی سے اجاگر کیا، کرپشن اور ناانصافی کے خلاف آواز بلند کی اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے بے مثال قربانیاں دیں، نائب صدر جہلم پریس کلب مرزا قدیر بیگ نے کہا کہ صحافی عدم تحفظ، معاشی مشکلات اور دباؤ کا شکار ہیں، حکومت کو صحافیوں کے جان و مال کے تحفظ، ہیلتھ انشورنس، ویلفیئر فنڈز اور روزگار کے تحفظ کے لیے مؤثر پالیسیاں مرتب کرنی چاہئیں صدر الیکٹرانک میڈیا عامر کیانی نے کہا کہ وفاقی وزیر مملکت برائے ریلوے و خزانہ بلال اظہر کیانی کو چاہیے کہ ضلع جہلم کے بے گھر صحافیوں کے لیے سرکاری ہاؤسنگ کالونی میں پلاٹس الاٹ کروائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ورکنگ جرنلسٹس کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ضلعی سطح پر ایک مشترکہ لائحہ عمل تشکیل دیا جائے تاکہ صحافی برادری متحد ہو کر اپنے حقوق کے لیے مؤثر آواز بلند کر سکے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جہلم اور دینہ پریس کلب کے درمیان باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے گا اور پیشہ ورانہ تربیت، فلاحی سرگرمیوں اور یکجہتی کے فروغ کے لیے مشترکہ اقدامات کیے جائیں گےقائمقام صدر احسان جنجوعہ نے جہلم پریس کلب کے عہدیداران و ممبران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہار اور جیت انتخاب کا حصہ ہوتے ہیں، ہم سب آپس میں بھائی ہیں اور ان شاء اللہ ایک دوسرے کے دست و بازو بنیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری اصل طاقت باہمی اتحاد، برداشت اور پیشہ ورانہ دیانتداری میں ہے۔ اختلاف رائے کے باوجود ہمیں ایک دوسرے کا احترام کرنا ہوگا اور صحافتی اقدار کو ہر صورت مقدم رکھنا ہوگا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دینہ پریس کلب ہمیشہ جہلم پریس کلب کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا رہے گا اور صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے مشترکہ جدوجہد جاری رکھی جائے گی آخر میں تمام مہمانوں، منتظمین اور شرکاء کا خصوصی شکریہ ادا کیا گیا جن کی شرکت سے تقریب یادگار بن گئی۔ مقررین نے اس امید کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی ایسے پروگرام صحافتی برادری کے باہمی روابط کو مزید مضبوط بنانے کا ذریعہ بنتے رہیں گے،
