جہلم (بیورو رپورٹ)جہلم ضلعی انتظامیہ نے دریائے جہلم کے کنارے آباد مکینوں کو ایک اہم اور ہنگامی انتباہ جاری کیا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق منگلا ڈیم سے ضرورت کے مطابق مختلف اوقات میں زیادہ سے زیادہ 66,800 کیوسک پانی دریائے جہلم میں چھوڑا جائے گا، جس کے باعث دریا میں پانی کی سطح میں نمایاں اضافہ متوقع ہےانتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ پانی کے بہاؤ میں اچانک اور تیز اضافہ نہ صرف دریا کے کنارے رہنے والے افراد بلکہ قریبی نشیبی علاقوں کے لیے بھی خطرے کا باعث بن سکتا ہے۔ تیز رفتار پانی انسانی جانوں، بچوں، بزرگوں اور مویشیوں کے لیے شدید نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہےشہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ دریا میں نہانے، کشتی رانی، دریا عبور کرنے یا مویشیوں کو پانی پلانے کے لیے دریا میں لے جانے سے مکمل اجتناب کریں۔ خصوصاً والدین اپنے بچوں پر کڑی نظر رکھیں اور انہیں دریا کے قریب جانے سے روکیں۔
ضلعی انتظامیہ نے مزید کہا ہے کہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ معمولی سی لاپرواہی کسی بڑے سانحے کو جنم دے سکتی ہے۔ بروقت احتیاط، ذمہ داری کا مظاہرہ اور سرکاری ہدایات پر عملدرآمد ہی قیمتی انسانی جانوں اور بے زبان مویشیوں کو محفوظ رکھنے کی ضمانت ہےعوام سے گزارش ہے کہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں سے رابطہ رکھیں۔ اپنی اور اپنے پیاروں کی حفاظت کے لیے محتاط رہیں، کیونکہ زندگی سے بڑھ کر کوئی چیز قیمتی نہیں،
