وزیرآباد(نامہ نگار)امریکی و صیہونی گٹھ جوڑ نے مسلم امہ کے دل پہ وار کیا ہے۔حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنائی کی شہادت مسلم دنیا کا کبھی نہ پورا ہونیوالا نقصان ہے۔ہم دکھ کی اس گھڑی میں ایرانی عوام کے ساتھ ہیں۔ان خیالات کا اظہار سیاسی وسماجی راہنما ایڈوکیٹ مستنصر حسین رانا،صدر انجمن آڑھتیاں غلام عباس چٹھہ اور رانا فیصل نذیر وکی نے امریکہ واسرائیل کی جانب سے ایران پر کی گئی بمباری اور اس میں ہونیوالی شہادتوں خصوصاً سید علی خامنائی پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے صحافیوں سے گفتگو میں کیا۔انہوں نے کہا کہ ہم امریکہ و اسرائیل کے مظالم کے خلاف کھڑے ہیں کھڑے رہیں گے مظلوم فلسطینیوں کی نصرت و حمایت اور اسلام کی سر بلندی کے لیے سید علی خامنہ ای کی شہادت اس بات کا ثبوت ہے کہ عالم اسلام کو جب بھی مشکل پیش آئی تو آل محمد کے پیروکار خون دینے نکلے دشمن نے ایرانی لیڈر نہیں بلکہ اسلام کے حقیقی کمانڈر کو شہید کیا ہے رانا فیصل نذیر نے کہا کہ یہ عالم اسلام کے لیے دکھ کی گھڑی ہے لیکن یہ بھی یاد رکھیں کہ شہادت مسلمانوں کی میراث ہے اور ہم اسے اعزاز سمجھتے ہیں۔چوہدری غلام عباس چٹھہ نے کہا کہ ملت اسلامیہ کیلئے بڑا صدمہ ہے اور بڑا المیہ صہیونی و امریکی سامراج سے امن کی توقع رکھنا ہے۔ایڈوکیٹ مستنصر حسین رانا نے کہا کہ ہم اس عظیم سانحہ پر ایرانی عوام سمیت تمام امت مسلمہ سے اظہار تعزیت کرتے ہیں اور دکھ اس گھڑی میں شہدا کے ورثا کے لیے دعا گو ہیں کہ خدائے متعال انکو صبر جمیل عطا فرمائے اور شہدا اسلام کے درجات بلند فرمائے۔
