وزیرآباد(نامہ نگار) جماعت اسلامی وزیرآباد کے ضلعی امیر چوہدری ناصر محمود کلیر نے کہا ہے کہ آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی اسرائیلی و امریکی جارحانہ حملے میں شہادت کھلی دہشت گردی ہے یہ ایران یا شیعہ مسلک پر نہیں بلکہ امتِ مسلمہ پر حملہ ہے اور عالمی امن کے خلاف کھلی جارحیت ہے۔انہوں نے کہا کہ آیت اللہ سید علی خامنہ ای پوری امتِ مسلمہ کے لیے استقامت، حریت اور مزاحمت کی علامت تھے۔ انہوں نے فلسطین کے مظلوم عوام کے حق میں ہمیشہ دوٹوک مؤقف اختیار کیا۔ بیت المقدس کی آزادی اور فلسطینیوں کے بنیادی حقوق کے لیے ان کی آواز عالمی سطح پر گونجتی رہی۔ وہ فلسطینی مزاحمت کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت کرتے رہے اور قبل? اول کے تحفظ کو اپنی دینی اور انسانی ذمہ داری سمجھتے تھے۔امریکی و اسرائیلی بربریت و دہشت گردی میں ان کی شہادت سے خلا تو پیدا ہوا ہے لیکن آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی فکر اور ان کی سوچ کبھی بھی محدود یا ختم نہیں ہو سکتی۔
