وزیرآباد(نا مہ نگار) حضرت خدیجہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ مکہ کی ایک معزز، مالدار، عالی نسب خاتون تھیں جن کا تعلق عرب کے قبیلے قریش سے تھا وہ حسن صورت و سیرت کے لحاظ سے ’طاہرہ‘ کے لقب سے مشہور تھیں، انہوں نے حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کو تجارتی کاروبار میں شریک کیا اور کئی مرتبہ اپنا سامان تجارت دے کر بیرون ملک بھیجا حضرت خدیجہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی تاجرانہ حکمت، دیانت، صداقت، محنت اور اعلیٰ اخلاق سے اتنی متاثر ہوئیں کہ آپؓ نے حضور صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کو شادی کا پیغام بھجوایا۔ جس کو حضور صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے اپنے بڑوں کے مشورے سے قبول فرمایا۔ان خیالات کا اظہار معروف عالم دین علامہ محمد نعیم الرحمن ہزاروی نے ادارہ فیضان شہ کونین صلی اللہ علیہ وسلم کے زیر اہتمام حضرت خدیجہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے یوم وصال کے سلسلہ میں منعقدہ محفل سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ حضرت خدیجہؓ اسلام قبول کرنے والی پہلی خاتون تھیں اور انہیں ام المومنین اول ہونے کی سعادت حاصل تھی،نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی تمام اولادیں حضرت خدیجہ رضی اللہ تعالیٰ عنہہ سے پیدا ہوئیں،حضرت خدیجہؓ نے رسول اللہ ﷺ کی زندگی میں بہت اہم کردار ادا کیا ہے اورآپ کی سیرت طیبہ میں سیدہ خدیجہؓ کو ایک خاص مقام و منزلت حاصل ہے۔ رسول اللہ ﷺ کے نزدیک آپؓ کے مقام و مرتبے کے بارے میں متعدد روایات نقل ہوئی ہیں۔ یہاں تک کہ آپ سیدہؓ کی وفات کے کئی برس بعد بھی آپ ﷺ حضرت خدیجہؓ کو یاد کر کے آپ کے بے مثل ہونے پر زور دیا کرتے تھے۔سیدہ خدیجہؓ کی شان میں اہم ترین اور بہترین توصیف یہی ہو کہ اسلام کی خاتون اول حضرت خدیجۃ الکبریٰ ؓ کو آپ نے اپنے لیے بہترین اور صادق ترین وزیر و مشیر اور سکون و آسودگی کا سبب قرار دیا ہے۔
