صفائی کا نظام بدترین بحران کا شکار

Spread the love

وزیرآباد (نامہ نگار) صفائی کا نظام بدترین بحران کا شکار۔ گلیاں، محلے اور اندرون شہر کے علاقے کوڑا کرکٹ سے بھر گئے جبکہ جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر اور تعفن نے شہریوں کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔ موسم گرما کی آمد کے پیش نظر صورتحال مزید سنگین ہونے کا خدشہ ہے۔دھونکل روڈ، جناح کالونی،مسلم روڈ، محلہ جلالپورہ،کٹڑا محلہ، لکڑ منڈی،مسلم روڈ، الہ آباد، نظام آباد،مثمن برج،لالہ زار کالونی،بکر گلہ،گلی عزت خان،پیر مٹھا روڈ،مین بازار،ریل گلہ،موجدین گلہ،شیش محل، محلہ شیخاں مشرقی،شیخاں مغربی اور وزیرآباد کے متعدد علاقوں میں کوڑا کرکٹ کئی کئی روز تک نہیں اٹھایا جا رہا۔ نالیوں کی صفائی نہ ہونے کے باعث گندا پانی جمع ہو رہا ہے جس سے شدید بدبو پھیل رہی ہے۔ مکینوں کا کہنا ہے کہ مچھر، مکھیاں اور دیگر حشرات کی افزائش میں اضافہ ہو چکا ہے اور وبائی امراض پھیلنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے جبکہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے کنٹریکٹر کی جانب سے صفائی کے معاملے میں مبینہ طور پر بے حسی کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔شہریوں نے الزام عائد کیا ہے کہ صفائی عملہ کو مرکزی شاہراہوں اور نمایاں سڑکوں تک محدود کر دیا گیا ہے جبکہ اندرون محلوں اور گلیوں کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ اس پالیسی کے باعث نالیوں کی صفائی اور گھروں کے سامنے سے کوڑا اٹھانے کا نظام شدید متاثر ہوا ہے۔شکایات کے باوجود مسئلہ حل نہ ہونے پر شہریوں میں بے تشویش پائی جاتی ہے۔شہریوں نے صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ صفائی کا نظام فوری طور پر پرانی طرز پر بحال کیا جائے، بلدیہ کو صفائی کے اختیارات واپس دیے جائیں اور موجودہ ویسٹ مینجمنٹ نظام کا ازسرنو جائزہ لیا جائے تاکہ ایک ہی محکمہ واضح ذمہ داری کے ساتھ صفائی و ستھرائی کے معاملات سنبھالے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو شہری احتجاج پر مجبور ہوں گے اور ویسٹ مینجمنٹ کو ختم کرنے کا مطالبہ و تحریک شروع کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں