ماہِ رمضان المبارک میں ڈسٹرکٹ وزیرآباد میں پیشہ ور بھکاریوں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ

Spread the love

وزیرآباد(نامہ نگار) ماہِ رمضان المبارک میں ڈسٹرکٹ وزیرآباد میں پیشہ ور بھکاریوں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے جس کے باعث مسافروں اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ بس اسٹاپس، چوکوں، بازاروں اور مساجد کے باہر بھکاریوں کے گروہ دن بھر مسافروں اور راہگیروں کو گھیرے رکھتے ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ سحر و افطار کے اوقات میں خاص طور پر بس اسٹینڈز اور اہم شاہراہوں پر بھکاریوں کی بڑی تعداد موجود ہوتی ہے جو مسافروں کے ساتھ چمٹ کر بار بار رقم طلب کرتے ہیں۔ ان میں خواتین، بچے اور بزرگ شامل ہوتے ہیں جو مختلف حیلے بہانوں سے لوگوں سے پیسے مانگتے ہیں۔ بعض مقامات پر پیشہ ور بھکاری باقاعدہ گروہوں کی شکل میں کام کرتے نظر آتے ہیں۔
مسافروں اور تاجروں نے شکایت کی ہے کہ پیشہ ور بھکاری نہ صرف شہریوں کو پریشان کرتے ہیں بلکہ کئی مرتبہ ضد اور بدتمیزی کا مظاہرہ بھی کرتے ہیں جس سے لوگوں کو ذہنی کوفت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ حقیقی مستحق افراد کی مدد کرنا ایک نیک عمل ہے لیکن پیشہ ور بھکاری اس جذبہ ہمدردی کا ناجائز فائدہ اٹھا رہے ہیں۔سماجی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ پیشہ ور گداگروں کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے اور ایسے عناصر کی حوصلہ شکنی کی جائے تاکہ مسافروں اور شہریوں کو اس پریشانی سے نجات مل سکے۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو رمضان المبارک کے دوران یہ مسئلہ مزید شدت اختیار کر سکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں