علی پورچٹھہ میں ولادتِ باسعادت امام حسن ابن علی مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔

Spread the love

وزیرآباد(نامہ نگار)علی پورچٹھہ میں ولادتِ باسعادت امام حسن ابن علی مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔ اس سلسلے میں امام بارگاہ سادات میں ایک روح پرور تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں علماء کرام اور اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ محفل میں ذکرِ اہلِ بیتؑ، درود و سلام اور خصوصی دعاؤں کا اہتمام بھی کیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سبط حسن مہدی نجفی نے کہا کہ امام حسن ابن علیؑ کی ولادت حضرت علی ابن ابی طالبؑ اور حضرت فاطمہ زہراؑ کے مبارک گھر میں ہوئی تو حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ نے بے حد مسرت کا اظہار فرمایا۔ آپ ﷺ نے اپنے نواسے کو آغوشِ نبوت میں لیا، ان کے کانوں میں اذان دی اور ان کا نام حسن رکھا۔ انہوں نے کہا کہ سیرتِ امام حسنؑ امتِ مسلمہ کے لیے صبر، حلم، بردباری اور اتحاد کا روشن نمونہ ہے۔ آپؑ نے ہمیشہ امت کی بھلائی اور اسلام کی سربلندی کو مقدم رکھا۔ امام حسنؑ کی زندگی ہمیں یہ درس دیتی ہے کہ انسان کو ہر حال میں حق و صداقت کا ساتھ دینا چاہیے اور معاشرے میں محبت، رواداری اور بھائی چارے کو فروغ دینا چاہیے۔ مقررین نے مزید کہا کہ آج کے دور میں ہمیں اہلِ بیتؑ کی تعلیمات کو اپنانے کی ضرورت ہے تاکہ معاشرے میں امن، اتحاد اور باہمی احترام کو فروغ مل سکے۔ تقریب کے اختتام پر ملک و ملت کی سلامتی، امتِ مسلمہ کے اتحاد اور عالم اسلام میں امن کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں