
جہلم (بلال رضا): ضلعی انتظامیہ جہلم کی زیر قیادت قومی یکجہتی، امن اور اپنی بہادر افواج کے لیے غیر متزلزل حمایت کے فروغ کے لیے ایک شاندار ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ اس ریلی میں شہریوں، سماجی تنظیموں اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جنہوں نے پاک فوج کے حق میں فلک شگاف نعرے بلند کیے اور ملک دشمن عناصر کے خلاف جاری کامیاب فوجی آپریشنز “غضب للّٰہ” اور “فتنۃ الخوارج” کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔
ضلعی انتظامیہ کی زیر قیادت منعقدہ اس شاندار ریلی کے دوران مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کے جوانوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر کے ملک کو دہشت گردی کی لعنت سے پاک کیا ہے۔ آپریشن “غضب للّٰہ” اور فتنۃ الخوارج کے خلاف کیے گئے کامیاب اقدامات اس بات کا ثبوت ہیں کہ ہماری افواج کسی بھی خطرے سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔ ریلی کے شرکاء نے عزم کیا کہ پوری قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور وطنِ عزیز کے دفاع کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔
ریلی کے اختتام پر ملک کی سلامتی، استحکام اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ ضلعی انتظامیہ جہلم کے افسران نے اس بات پر زور دیا کہ فتنۃ الخوارج جیسے عناصر کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کے لیے پوری قوم کو متحد ہونا ہوگا۔ اس شاندار ریلی کا مقصد عالمی دنیا کو یہ واضح پیغام دینا تھا کہ پاکستانی قوم اور اس کی افواج ایک پیج پر ہیں اور ملک میں پائیدار امن کے قیام کے لیے جاری آپریشنز کی بھرپور حمایت کی جاتی ہے۔
