ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ غزالہ اصغر کے ہمراہ سوہاوہ مین بازار کا تفصیلی دورہ کیا

Spread the love

جہلم (بلال رضا): ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ غزالہ اصغر کے ہمراہ سوہاوہ مین بازار کا تفصیلی دورہ کیا اور وہاں جاری بیوٹی فیکیشن اسکیم کے مختلف منصوبوں کا جائزہ لیا۔ اس اہم دورے کا بنیادی مقصد سوہاوہ مین بازار کو ایک جدید “ماڈل بازار” کی شکل دینا ہے جہاں شہریوں کو تمام بنیادی سہولیات میسر ہوں۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ بازار کی تزئین و آرائش اور ترقیاتی کاموں میں بین الاقوامی معیار کو مدنظر رکھا جائے تاکہ اسے ضلع کا بہترین تجارتی مرکز بنایا جا سکے۔
معائنے کے دوران ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے بازار میں تجاوزات کے مستقل خاتمے، نکاسی آب کے نئے نظام اور سڑکوں کی ازسرنو تعمیر کے کاموں کا مشاہدہ کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ غزالہ اصغر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ماڈل بازار منصوبے کے تحت دکانوں کے سامنے یکساں رنگ و روغن، فٹ پاتھوں کی تعمیر اور جدید اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب پر کام جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے تاکید کی کہ کام کی رفتار کو تیز کیا جائے تاکہ شہری جلد از جلد ان سہولیات سے مستفید ہو سکیں اور سوہاوہ کی خوبصورتی میں اضافہ ہو۔
ڈپٹی کمشنر جہلم نے مزید کہا کہ سوہاوہ مین بازار کو ماڈل بازار بنانا ضلعی انتظامیہ کا ایک خواب ہے جس کی تکمیل سے نہ صرف خریداروں بلکہ دکانداروں کے لیے بھی کاروبار کے بہتر مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ کو روزانہ کی بنیاد پر میٹریل کے معیار کی جانچ کرنے اور کام کو مقررہ وقت میں مکمل کرنے کے احکامات جاری کیے۔ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم کی ذاتی دلچسپی اور سوہاوہ کو ماڈل سٹی بنانے کے عزم کو بھرپور انداز میں سراہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں