
جہلم ( بلال رضا ) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سنیہ صافی کی زیر صدارت اجلاس: موضع کوٹ غلام کو سیلاب سے بچانے کے لیے پانچ حفاظتی سٹڈز کی منظوری۔ تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو (ADCR) سنیہ صافی کی زیر صدارت ڈی ڈی ایم اے کے اجلاس میں موضع کوٹ غلام کو دریائے جہلم کے کٹاؤ سے بچانے کے لیے پانچ ٹھوس پتھریلے سٹڈز کی تعمیر کی منظوری دے دی گئی ہے۔ اس منصوبے کا مقصد دریا کے تیز بہاؤ کا رخ آبادی سے موڑ کر مقامی گھروں اور زرعی اراضی کو مستقل تحفظ فراہم کرنا ہے۔اجلاس کے دوران اے ڈی سی آر سنیہ صافی نے ہدایت کی کہ مون سون کے سیزن سے قبل تمام تعمیراتی کام ہر صورت مکمل کیا جائے اور ٹینڈرنگ کے عمل کو ہنگامی بنیادوں پر شفاف طریقے سے پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے تاکید کی کہ تعمیراتی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے تاکہ یہ حفاظتی بند طویل عرصے تک سیلابی ریلوں کا مقابلہ کر سکیں۔ مقامی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی کہ وہ اہل علاقہ کو اعتماد میں لے کر منصوبے کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں۔
