وزیرآباد (نامہ نگار) رمضان المبارک کی ساعتیں اللہ تعالی کی اپنے بندوں کی مغفرت کے لیے بہار کی مانند اور رضا و خوشنودی کے حصول کا ذریعہ ہیں ان خیالات کا اظہار زونل امیر جماعت اسلامی وزیرآباد حافظ فرحان منیر بٹ نے یونین کونسل ونجووالی میں افطار ڈنر کے موقع پر گفتگو کرتے ہوے کیا اس موقع پر ان کے ہمراہ جماعت اسلامی یوتھ کے راہنما ارسلان احمد بٹ، دانش علی اسد گوندل و دیگر بھی موجود تھے افطار ڈنر کے موقع پر یونین کونسل ونجووالی کے لیے دانش علی کو صدر جماعت اسلامی یوتھ اور اسد گوندل کا بطورجنرل سیکرٹری تقرر کیا گیا اور غضنفر علی ، ذیشان حیدر کو نائب صدر مقرر کیا مہمان خصوصی حافظ فرحان نے گفتگو کرتے ہوے کہا کہ خوش نصیب ہے وہ بندہ جو اس بابرکت مہینے کو پا کر اللہ تعالیٰ سے مغفرت طلب کرے، عبادات میں اضافہ کرے اور ضرورت مندوں اور مستحق افراد کی مدد کرے۔ جبکہ بدنصیب ہے وہ شخص جو رمضان المبارک جیسی عظیم نعمت حاصل کرنے کے باوجود اللہ تعالیٰ کی رحمت، مغفرت اور رضا حاصل نہ کر سکے۔انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک ہمیں بھائی چارے، ہمدردی اور انسانیت کی خدمت کا درس دیتا ہے۔ اس ماہ مقدس میں صاحبِ حیثیت افراد کو چاہیے کہ وہ غریب اور مستحق لوگوں کا خاص خیال رکھیں اور معاشرے میں محبت، رواداری اور اتحاد کو فروغ دیں۔
