ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد کا وزیرآباد کا دورہ

Spread the love

وزیرآباد (نامہ نگار) ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد کا وزیرآباد کا دورہ، انہوں نے شہر میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں، بیوٹیفیکیشن مہم اور نوتعمیر شدہ سیالکوٹ روڈ کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے شہر میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کو تسلی بخش اور بہترین قرار دیتے ہوئے متعلقہ محکموں کی کارکردگی کو سراہا۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد جواد حسین پیرزادہ اور تحصیل دار عون عباس چٹھہ بھی ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے صدر بابائے صحافت پریس کلب وزیرآباد افتخار احمد بٹ،نائب صدرزاہدمحمود ہاشمی سے گفتگو کرتے ہوے کہا کہ شہر میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے ہم نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ منصوبوں کو مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے اور تعمیراتی کاموں میں اعلیٰ معیار کو یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو دیرپا سہولیات فراہم کی جا سکیں۔انہوں نے سیالکوٹ روڈ پر جاری بیوٹیفیکیشن اور سڑک کی تعمیر کے کام کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہر کی خوبصورتی میں اضافہ اور شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبے نہ صرف شہری انفراسٹرکچر کو بہتر بنائیں گے بلکہ عوام کو جدید سہولیات کی فراہمی میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد جواد حسین پیرزادہ نوجوان اور متحرک افسر ہیں جو انتہائی دلجمعی اور محنت کے ساتھ عوامی مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی مسائل کے فوری حل اور شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ سول ہسپتال وزیرآباد میں رمضان المبارک کے دوران روزہ دار مریضوں اور ان کے لواحقین کے لیے روزانہ کی بنیاد پر افطار ڈنر کا باقاعدہ اہتمام کیا جا رہا ہے تاکہ وہاں موجود افراد کو سہولت فراہم کی جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر نے اس اقدام کو انسان دوستی اور خدمت خلق کی بہترین مثال قرار دیا۔انہوں نے مزید کہا کہ شہر میں اشیائے خوردونوش کی دستیابی اور قیمتوں پر انتظامیہ کی کارکردگی بہتر ہے ضلعی انتظامیہ مارکیٹوں کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے تاکہ شہریوں کو معیاری اشیاء مناسب نرخوں پر فراہم کی جا سکیں۔انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران رمضان بازاروں اور سہولت بازاروں میں شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ان بازاروں میں اشیائے ضروریہ کو سرکاری نرخوں پر دستیاب بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں تاکہ مہنگائی کے اثرات کو کم کیا جا سکے اور عوام کو ریلیف مل سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں