






مانچسٹر(نمائندہ خصوصی)
مانچسٹر کی معروف دینی درسگاہ جامعہ مسجد اقراء میں لیلۃ القدر کی بابرکت رات کے موقع پر نمازِ تراویح کے دوران قرآنِ پاک کی تکمیل کی روح پرور اور باوقار تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پر مسجد میں نمازیوں کی بڑی تعداد موجود تھی اور ماحول انتہائی روحانی اور پُر نور تھا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معروف عالمِ دین علامہ حافظ افتخار سیالوی صاحب نے قرآنِ مجید کی عظمت، اس کی تعلیمات اور حفاظِ کرام کے بلند مقام پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ قرآنِ کریم اللہ تعالیٰ کی وہ عظیم نعمت ہے جو انسانیت کے لیے مکمل ضابطۂ حیات ہے، اور جو لوگ اسے حفظ کرتے ہیں وہ یقیناً بہت بڑے اعزاز کے حامل ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حفاظِ کرام امتِ مسلمہ کا قیمتی سرمایہ ہیں اور ہمیں ان کی قدر کرنی چاہیے۔ اس موقع پر انہوں نے قرآنِ پاک کی تکمیل کرنے والے حفاظِ کرام کو خصوصی مبارکباد پیش کی اور ان کے اس عظیم کارنامے کو قابلِ فخر قرار دیا۔
تقریب کے اختتام پر مسجد انتظامیہ اور نمازیوں کی جانب سے قرآنِ پاک مکمل کرنے والے حفاظ کو مبارکباد پیش کی گئی اور ان کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔ حاضرین نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ قرآنِ کریم کو ہمارے دلوں کی روشنی اور زندگی کا رہنما بنائے۔
یہ روحانی محفل ایمان افروز ماحول میں اختتام پذیر ہوئی اور نمازیوں نے لیلۃ القدر کی بابرکت ساعتوں میں خصوصی عبادات اور دعاؤں کا اہتمام کیا۔
