وزیرآباد(نا مہ نگار) برکتوں رحمتوں سے لبریزماہ مبارک رمضان میں مستحق بھائیوں کواس ماہ مقدس کی برکتوں کوسمیٹنے میں معاونت کرنے والے رب کریم کے بہت پسندیدہ بندے ہوتے ہیں، روزہ ورمضان کامہینہ اللہ کاپسندیدہ مہینہ ہے اس میں رب کریم چھوٹے سے چھوٹے نیکی کے عمل پرکئی گنااجروثواب دیتا ہے کیونکہ روزہ ایک مخفی عبادت ہے جس کوخداتعالیٰ ہی جان سکتے ہیں اوراس کا اجربھی اللہ تعالیٰ ہی دیتا ہے۔ان خیالات کا اظہار سابق ضلعی ناظم محمد فیاض چٹھہ نے سیاسی وسماجی شخصیت شجا ع الدین چوہان کی طرف سے وزیرآبادی ریسٹورنٹ میں دیئے گئے افطار ڈنر کے موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر حاجی محمد رفیق بھٹہ،لالہ محمد خلیل،میاں محمد اکرم پہلوان،سعید اللہ والے،شبیر حسین جونیجو،احمد یار وڑائچ،محمد اشفاق،وقاص افضل چٹھہ ایڈووکیٹ،حفیظ خلجی سمیت سیاسی وسماجی شخصیات نے شرکت کی۔انہوں نے عید الفطر کے موقع پراپنے پیغام میں کہا ہے کہ اہل اسلام رمضان المبارک کے دوران ضبط نفس کامظاہرہ کرکے خود کوان بڑے مقاصد کے لئے تیار کرتے ہیں جس کامقصد یہ ہے کہ اس ماہ مبارک میں تزکیہ نفس کے ذریعے جواچھے اطوار ہم سیکھتے ہیں انہیں اپنی زندگی کامستقل حصہ بناکرمعازرے ملک اور بالاآخر پوری دنیا میں امن وسلامتی اورمحبت ویگانگت کے فروغ کاذریعہ بن جائیں۔انہوں نے حلقہ کے عوام کوعید الفطرکے حوالہ سے مبارکباددیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے ہم رمضان کریم کی برکات سے مستفید ہوئے عید الفطرمسلمانوں کے لئے خوشی وتشکر کادن ہے عید کادن صرف ایک تہوارہی نہیں بلکہ اس دن کی اہمیت اوراسکا تعلق رواداری،برداشت ہم آہنگی اورپر امن بقائے باہمی سے ہے۔
