محکمہ لائیو سٹاک گجرات ڈویژن کی جانب سے وزیرآباد کے عملہ میں موٹر سائیکلوں کی تقسیم،

Spread the love

وزیرآباد(نامہ نگار)محکمہ لائیو سٹاک گجرات ڈویژن کی جانب سے وزیرآباد کے عملہ میں موٹر سائیکلوں کی تقسیم، ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر سہیل منظور نے ملازمین میں نئی موٹر سائیکلوں کی چابیاں تقسیم کیں۔ محکمہ لائیو سٹاک گجرات ڈویژن کے زیراہتمام وزیرآباد میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر لائیو سٹاک گجرات ڈویژن ڈاکٹر سہیل منظور تھے، جبکہ ان کے ہمراہ ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر محمد احمد، ڈاکٹر حسن، سنیئر صحافی محمود احمد خان لودھی نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر ضلع بھر سے آئے ہوئے منتخب فیلڈ ملازمین میں نئی موٹر سائیکلوں کی چابیاں تقسیم کی گئیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر سہیل منظور نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق لائیو سٹاک کا شعبہ ملکی معیشت کی بہتری کیلئے نمایاں اقدامات اٹھا رہا ہے۔ محکمہ لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور فیلڈ سٹاف اس محکمے کا ہراول دستہ ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ موٹر سائیکلوں کی فراہمی کا مقصد دور دراز علاقوں اور دیہاتوں میں مقیم مویشی پال حضرات تک بروقت رسائی کو ممکن بنانا ہے۔ ”اب عملہ موسمی حالات کی پرواہ کیے بغیر کسانوں کی دہلیز پر پہنچ کر جانوروں کی ویکسینیشن اور علاج معالجے کی سہولیات فراہم کر سکے گا، جس سے دودھ اور گوشت کی پیداوار میں نمایاں اضافہ ہوگا،”ایڈیشنل ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد احمد نے ملازمین کو مبارکباد دیتے ہوئے ہدایت کی کہ ان سرکاری وسائل کا بہترین استعمال کیا جائے تاکہ حکومتِ پنجاب کے ویژن کے مطابق لائیو سٹاک سیکٹر کو جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے۔ تقریب کے اختتام پر ملازمین نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے عزم ظاہر کیا کہ وہ نئی جوش و ولولے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں پوری کریں گے۔ یہ اقدام نہ صرف ملازمین کے سفری مسائل حل کرے گا بلکہ ڈویژن بھر میں لائیو سٹاک سروسز کے معیار کو بھی ایک نئی جلا بخشے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں