وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن، محترمہ سلمیٰ شاہین بٹ نے اکرم شہید پارک میں قائم ‘نگہبان رمضان دسترخوان’ کا دورہ کیا

Spread the love


جہلم( بلال رضا) وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن، محترمہ سلمیٰ شاہین بٹ نے اکرم شہید پارک میں قائم ‘نگہبان رمضان دسترخوان’ کا دورہ کیا۔ انہوں نے ‘مریم کے مہمان’ پروگرام کے تحت روزہ داروں کے لیے کیے گئے افطار کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا اور اپنی نگرانی میں تمام سہولیات کو حتمی شکل دی۔
اس موقع پر محترمہ سلمیٰ شاہین بٹ نے دسترخوان کی رونقوں کو برقرار رکھنے میں مخیر حضرات کے تعاون کو خصوصی طور پر سراہا۔ انہوں نے کہا کہ انسانیت کی خدمت میں ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ساتھ مخیر حضرات کا جوش و جذبہ قابلِ ستائش ہے، جس کی بدولت سینکڑوں مستحق افراد کو روزانہ عزت کے ساتھ افطاری میسر آ رہی ہے۔
معاون خصوصی نے دسترخوان پر افطار کی تیاریوں میں خود بھی حصہ لیا اور صفائی ستھرائی کے ساتھ ساتھ خوراک کے معیار کا باریک بینی سے معائنہ کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ مریم کے مہمانوں کی خدمت ہمارے لیے باعثِ سعادت ہے اور وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق فوڈ سیفٹی کے اصولوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ افطار کے لیے آنے والے شہریوں کی خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ شہریوں نے بھی حکومت اور مخیر حضرات کے اس مشترکہ اقدام پر بھرپور اطمینان کا اظہار کیا، جس پر معاون خصوصی نے انتظامیہ اور معاونین کی کاوشوں کی تعریف کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں