
جہلم ( بلال رضا ) عیدالفطر کے موقع پر جہاں پر لوگ اپنے پیاروں کے ساتھ عید کی خوشیاں منانے میں مصروف تھے وہیں پر عوامی خدمت کے جذبہ سے سرشار ریسکیورز عوام کی خدمت کے لیے موجود رہے۔ ریسکیو اہلکار دن ہو یا رات 24 گھنٹے عوام کی خدمت کے لیے لئے اپنی خدمات پیش کرتے رہے۔


عید کے تین دنوں میں 329 ایمرجنسیز پر رسپانس کر کے 343 لوگوں کو ریسکیو کیا۔جن میں سے 156 افراد کو موقع پر ہی فرسٹ ایڈ فراہم کی گئی جبکہ 184 افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ان 329 ایمرجنسیز میں سے روڈ ٹریفک حادثات کی تعداد 76 رہی اور ان حادثات میں زخمی ہونے والوں کی تعداد 98 ہے۔ میڈیکل ایمرجنسیز کی تعداد 216، کرائم ایمرجنسیز 02، آ گ لگنے کے 03 واقعات رونما ہوئے اور متفرق ایمرجنسیز کی تعداد 32 رہی۔
جبکہ مختلف ایمرجنسیز میں 03 افراد جاں بازی ہار گئے۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر فرحان مرزا کا کہنا تھا کہ عیدالفطر کے موقع پر ریسکیورز نے احسن طریقے سے فرائض سرانجام دئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام دوران ڈرائیونگ یا موٹر سائیکل چلاتے ہوئے سیفٹی اصولوں کی پیروی کریں تاکہ حادثات سے محفوظ رہا جا سکے۔
