

جہلم: ( بلال رضا) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی اوپن ڈور پالیسی کے تحت ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر عوامی سماعت کا انعقاد؛ شہریوں کے مسائل سن کر موقع پر احکامات جاری کیے۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ حکومتی ویژن کے مطابق عوامی ریلیف کے لیے ضلعی انتظامیہ کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے ڈی سی آفس میں سائلین سے ملاقات کی اور ان کی انفرادی و اجتماعی شکایات کو تفصیل سے سنا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں کہ سائلین کی شکایات کا فوری ازالہ اولین ترجیح ہونی چاہیے اور اس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے زور دیا کہ انتظامیہ کا مقصد عوام کو ان کی دہلیز پر انصاف اور سہولیات کی فراہمی ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے احکامات کی روشنی میں عام آدمی کے مسائل کا حل نکالنا ہی اصل کامیابی ہے۔ عوامی سماعت کا مقصد سرکاری دفاتر اور عوام کے درمیان حائل رکاوٹوں کو ختم کرنا ہے تاکہ ہر شہری بلا جھجھک اپنے مسائل بیان کر سکے۔ انہوں نے افسران کو فائل ورک کے بجائے فیلڈ میں نتائج فراہم کرنے کی ہدایت کی تاکہ حکومتی پالیسیوں کے ثمرات عوام تک پہنچ سکیں۔
