وزیرآباد(نا مہ نگار) مسلم لیگ (ن) کے راہنما کرنل (ر) وقار انور شیخ،صدر انجمن تحفظ حقوق عوام وسابق کونسلر افتخار احمد بٹ،صدر محاسبہ کونسل سیف اللہ بٹ،سنیئر صحافی ندیم صادق تارڑ،راجپوت فیڈریشن میاں چنوں کے راہنمامحمد وسیم اسلم نے یوم پاکستان کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 23مارچ یوم پاکستان تجدیدعہد کا دن ہے جو ہمیں یاد دلاتا ہے کہ وطن عزیز کا معرض وجود میں آنابے شمار قربانیوں کا نتیجہ ہے اور اب یہ ہم سب کا فرض ہے کہ جہاں تک ہوسکے اس کی تعمیر وترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں،پاکستان محض ایک زمین کا ٹکڑا نہیں، یہ ایک نظریہ ہے، ایک عقیدہ ہے، ایک ایسی حقیقت ہے جو کلمہ طیبہ کے نام پر بنی، ہمارے بزرگوں نے اس کے لیے اپنا سب کچھ قربان کیا، اپنے گھر بار چھوڑے، اپنے عزیزوں کو خاک و خون میں تڑپتے دیکھا، مگر اس نظریے سے پیچھے نہیں ہٹے یہی نظریہ پاکستان کی اصل روح ہے اور یہی تحریک نظریہ پاکستان کا بنیادی مقصد ہے، ہماری پاک فوج آج بھی ملک دشمن عناصر کے خلاف محاذ آرائی ہے اور دشمن کے ناپاک ارادوں کو خاک میں ملانے کے لئے سرگرم عمل ہیں اور پاک فوج کے جوان اپنی جان کی قربانیوں سے ارض پاک کے دشمنوں کے منصوبوں کو خاک میں ملا رہے ہیں ہم شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور افواج پاکستان ودیگر سیکیورٹی اداروں کے ساتھ ہیں،یوم پاکستان ہمیں اپنے بزرگوں، اسلاف اور تحریک آزادی کے راہنماؤں کی ان تھک اور بے لوث جدوجہد کی داستان سناتا ہے اور یہ پیغام دیتا ہے کہ یہ ملک صبح قیامت تک قائم رہنے کے لیے بنا ہے، اب ہر پاکستانی کو یاد رکھنا چاہئے کہ پاکستان ہم سب کا مشترکہ گھر اور دنیا بھر میں ہماری پہچان ہے۔
