جہلم: ( بلال رضا) ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر جہلم آفتاب اشرف نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کا اچانک دورہ کیا اور وہاں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے دوران ہسپتال کے مختلف وارڈز، ایمرجنسی اور فارمیسی کا معائنہ کیا گیا۔

اسسٹنٹ کمشنر جہلم آفتاب اشرف نے ہسپتال میں عملے کی حاضری، صفائی ستھرائی کے انتظامات اور ادویات کی فراہمی کے عمل کو چیک کیا۔ انہوں نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے گفتگو کرتے ہوئے ہسپتال انتظامیہ کے رویے اور طبی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے ہدایت کی کہ ہسپتال میں صفائی کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھا جائے اور مریضوں کو ادویات کی مفت فراہمی میں کوئی رکاوٹ پیش نہ آئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کو صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے اور اس حوالے سے کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے غیر حاضر عملے کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ ڈیوٹی میں کوتاہی کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا تاکہ عوامی خدمت کا مشن متاثر نہ ہو۔
