
جہلم: ( بلال رضا) ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی خصوصی ہدایت پر مسیحی برادری کے مذہبی تہوار “ایسٹر” کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل جہلم علیزہ ریحان نے کی۔ اجلاس میں ضلع بھر کے گرجا گھروں کی سیکیورٹی، صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل جہلم علیزہ ریحان نے متعلقہ اداروں کو سخت ہدایت جاری کیں کہ ایسٹر کے موقع پر تمام گرجا گھروں کے گردونواح میں سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو ہدایت کی کہ تمام چرچز اور ان کے راستوں پر صفائی کے بہترین انتظامات کیے جائیں تاکہ مسیحی برادری اپنا تہوار پرامن اور صاف ستھرے ماحول میں منا سکے۔
اجلاس کے دوران انہوں نے واضح کیا کہ بین المذاہب ہم آہنگی کا فروغ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے پولیس اور انتظامی افسران کو فیلڈ میں متحرک رہنے کی تلقین کی اور کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ادارے ہائی الرٹ رہیں۔ مسیحی برادری کے نمائندوں نے ضلعی انتظامیہ کے تعاون پر بھرپور اطمینان کا اظہار کیا۔
