
جہلم: ( بلال رضا) ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ جیل جہلم میں ہنگامی حالات سے نمٹنے کی تیاریوں کو جانچنے کے لیے ایک اہم موک ایکسرسائز کا انعقاد کیا گیا۔ اس مشق کا بنیادی مقصد سیکیورٹی اداروں کے درمیان کوآرڈینیشن کو بہتر بنانا اور کسی بھی ناگہانی صورتحال میں رسپانس ٹائم کو کم سے کم کرنا تھا۔ ڈی ایس پی سٹی مرزا عبدالجبار اور سول ڈیفنس آفیسر جہلم محمد بوٹا نے مشق کے تمام مراحل کی نگرانی کی اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔
موک ایکسرسائز کے دوران جیل کے سائرن بجتے ہی ضلعی پولیس، ایلیٹ فورس، ریسکیو 1122 اور سول ڈیفنس کے بم ڈسپوزل سکواڈ نے فوری طور پر پوزیشنز سنبھال لیں۔ مشق کے دوران ہنگامی صورتحال سے نمٹنے، قیدیوں کی حفاظت یقینی بنانے اور بیرونی حملوں کو ناکام بنانے کے عملی مراحل کا معائنہ کیا گیا۔ ڈی ایس پی سٹی مرزا عبدالجبار نے پولیس فورس کی بروقت کارروائی کو سراہا جبکہ سول ڈیفنس آفیسر محمد بوٹا نے بم ڈسپوزل سکواڈ کی پیشہ ورانہ تیاریوں کا معائنہ کیا۔
سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل جہلم نے مشق کے اختتام پر تمام اداروں کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ جیل کی سیکیورٹی کو ہر سطح پر فول پروف بنانا اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس طرح کی مشقوں کا انعقاد مستقبل میں بھی جاری رہے گا تاکہ سیکیورٹی انتظامات میں کسی بھی قسم کی کمی کو دور کیا جا سکے اور تمام ادارے کسی بھی ہنگامی کال پر الرٹ رہیں۔
