ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی خصوصی ہدایت پر ضلع بھر میں “ارتھ ڈے” بھرپور طریقے سے منایا گیا

Spread the love


جہلم: ( بلال رضا) ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی خصوصی ہدایت پر ضلع بھر میں “ارتھ ڈے” بھرپور طریقے سے منایا گیا اور کرہ ارض کے تحفظ کے لیے ایک گھنٹہ وقف کیا گیا۔ اس سلسلے میں ضلع کی چاروں تحصیلوں جہلم، دینہ، سوہاوہ اور پنڈ دادنخان میں متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز کی قیادت میں مختلف معلوماتی اور عملی سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا تاکہ ماحولیاتی آلودگی کے خلاف عوامی شعور بیدار کیا جا سکے۔
تحصیلوں کی سطح پر اسسٹنٹ کمشنرز نے عوامی مقامات اور دفاتر میں خصوصی بینرز اور فلیکس آویزاں کروائے، جبکہ آگاہی واک کا اہتمام بھی کیا گیا۔ واک کے دوران شہریوں کو ماحول کی صفائی اور درختوں کی اہمیت سے آگاہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ تمام تحصیلوں میں شجرکاری کی سرگرمیاں انجام دی گئیں، جن میں پھلدار اور پھولدار پودے لگائے گئے تاکہ ضلع کو کلین اینڈ گرین بنایا جا سکے۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کے لیے خصوصی آگاہی سیشنز کا انعقاد بھی کیا گیا، جس میں انہیں ارتھ ڈے کی اہمیت اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کے بارے میں بتایا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنرز نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ اپنے گھروں اور گلی محلوں میں پودے لگائیں اور توانائی کی بچت کو اپنی عادت بنائیں۔ ان سرگرمیوں کا مقصد عوام میں اپنے ماحول کی حفاظت کی انفرادی اور اجتماعی ذمہ داری کا احساس پیدا کرنا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں