

جہلم: ( بلال رضا) گورنمنٹ نمبر 1 گرلز ہائی اسکول سول لائن روڈ جہلم میں نور ویلفیئر ٹرسٹ کے زیر اہتمام شجرکاری مہم کے سلسلے میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر جہلم آفتاب اشرف، نور ویلفیئر ٹرسٹ کے چیئرمین ایڈووکیٹ فرحت کمال ضیا اور سی ای او ایجوکیشن نازیہ شہزادی نے خصوصی شرکت کی۔
تقریب کے دوران اسسٹنٹ کمشنر جہلم آفتاب اشرف نے طالبات میں پودے تقسیم کیے اور اسکول کے احاطے میں پودا لگا کر مہم کا باقاعدہ آغاز کیا۔ انہوں نے سماجی تنظیم کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ ماحول کو سرسبز بنانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور اس طرح کی مہمات سے نئی نسل میں ماحولیاتی شعور بیدار ہوتا ہے۔ انہوں نے اسکول انتظامیہ کو ہدایت کی کہ لگائے گئے پودوں کی مستقل دیکھ بھال کو یقینی بنایا جائے۔
چیئرمین نور ویلفیئر ٹرسٹ ایڈووکیٹ فرحت کمال ضیا اور سی ای او ایجوکیشن نازیہ شہزادی نے بھی پودے لگائے اور طالبات کو شجرکاری کی اہمیت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے اور نور ویلفیئر ٹرسٹ شہر کو سرسبز و شاداب بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ تقریب کے اختتام پر طالبات نے بھی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کا عزم ظاہر کیا۔
