ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ غزالہ اصغر نے تحصیل سوہاوہ میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا

Spread the love

جہلم: ( بلال رضا) ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ غزالہ اصغر نے تحصیل سوہاوہ میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ اس موقع پر تمام سرکل ریونیو آفیسرز، گرداور اور پٹواری بھی موجود تھے۔ کھلی کچہری کا مقصد عوامی مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کرنا اور محکمہ مال کے امور میں شفافیت کو یقینی بنانا تھا۔

اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ غزالہ اصغر نے سائلین کی شکایات فرداً فرداً سنیں، جن میں سے اکثر کا تعلق اراضی رپورٹس کے طویل عرصے سے زیرِ التوا ہونے سے تھا۔ انہوں نے عوامی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے تمام سرکل ریونیو آفیسرز کو سخت ہدایات جاری کیں کہ تمام زیرِ التوا رپورٹس کو ایک ہفتے کے اندر مکمل کر کے نمٹایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کو دفاتر کے چکر لگوانے کا سلسلہ اب بند ہونا چاہیے۔
انہوں نے فیلڈ اسٹاف کو ہدایت کی کہ ریونیو ریکارڈ کی درستگی اور عوامی درخواستوں پر کارروائی کے دوران میرٹ کو ملحوظ خاطر رکھا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فرائض میں غفلت یا تاخیری حربے استعمال کرنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔ ضلعی انتظامیہ سائلین کو ریلیف فراہم کرنے اور ان کے مسائل کے فوری حل کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں