
جہلم: ( بلال رضا) کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک اور ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی خصوصی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سنیہ صافی نے گورنمنٹ گریجویٹ کالج جی ٹی روڈ جہلم میں قائم امتحانی مرکز کا دورہ کیا۔ اس دورے کا مقصد میٹرک کے سالانہ امتحانات میں شفافیت کو برقرار رکھنا اور امتحانی عمل کا باریک بینی سے جائزہ لینا تھا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سنیہ صافی نے امتحانی ہالز میں لائیو مانیٹرنگ کے نظام کا معائنہ کیا اور نگرانی پر مامور عملے کی حاضری سمیت امتحانی پرچوں کی تقسیم کے عمل کو چیک کیا۔ انہوں نے کالج انتظامیہ کو ہدایت کی کہ طلبہ کو پرسکون ماحول فراہم کیا جائے اور کمرہ امتحان میں روشنی اور پینے کے صاف پانی کے مناسب انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے امتحانی عملے کو سختی سے ہدایت کی کہ لائیو مانیٹرنگ کے ذریعے نقل کی روک تھام کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں اور اس سلسلے میں زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ امتحانات کی شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور کسی بھی قسم کی بدعنوانی یا غفلت میں ملوث پائے جانے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
