جلالپور جٹاں میں شہید پولیس اہلکار کو شاندار خراجِ عقیدت

Spread the love


جلالپور جٹاں (نمائندہ خصوصی سید وسیم شاہ) گزشتہ روز گجرات پولیس کے بہادر سپوت، پولیس چوکی جلالپور صوبتیاں میں تعینات ملازم عمر آفتاب کی شہادت پر فضا سوگوار رہی، جبکہ شہریوں، تاجروں اور پولیس افسران نے انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈی ایس پی سرکل جلالپور جٹاں رائے سرفراز احمد، ایس ایچ او تھانہ صدر جلالپور جٹاں سجاد اعظم بھٹی، ایس آئی نسیم بٹ اور محرر تھانہ صدر ظہیر عباس کی سربراہی میں ایک اہم وفد نے موبائل یونین اور تاجر برادری کے نمائندگان کے ہمراہ اس افسوسناک واقعہ پر اظہارِ تعزیت کیا۔ وفد میں صدر موبائل یونین جلالپور جٹاں محمد ارشد جمیل سیفی، صدر مرکزی انجمن تاجران محمد شفیق مغل، جنرل سیکرٹری ظہیر احمد میر، ملک بلال، مرزا ظفر اور دیگر معززین شامل تھے۔
واقعہ کے مطابق تھانہ کڑیانوالہ اور تھانہ ککرالی کے سرحدی علاقے پہوچھ میں موٹر سائیکل سوار ڈکیت ایک خاتون سے بالیاں چھین کر فرار ہو رہے تھے۔ اطلاع ملنے پر پولیس چوکی جلالپور صوبتیاں کے اہلکار عمر آفتاب اور ان کے ساتھی نے فوری طور پر ڈاکوؤں کا تعاقب کیا۔ تعاقب کے دوران پہوچھ کے قریب ڈاکوؤں سے آمنا سامنا ہوا، جہاں فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ اس دوران بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے پولیس اہلکار عمر آفتاب جامِ شہادت نوش کر گئے۔
شہید کے جسدِ خاکی کو جب دومیلاں چوک جلالپور جٹاں لایا گیا تو شہریوں کی بڑی تعداد نے ان پر پھول نچھاور کر کے والہانہ استقبال کیا۔ فضا “شہید کی جو موت ہے وہ قوم کی حیات ہے” کے نعروں سے گونج اٹھی، جبکہ ہر آنکھ اشکبار تھی۔
شرکاء نے کہا کہ شہید عمر آفتاب نے اپنی جان کا نذرانہ دے کر عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا اور ان کی یہ قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ شہید کے اہلِ خانہ کی مکمل کفالت کی جائے اور ملوث ڈاکوؤں کو جلد از جلد گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے۔
آخر میں شہید کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں