
جہلم: ( بلال رضا) کمشنر راولپنڈی انجینئر عامر خٹک کی زیرِ صدارت پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اس اہم اجلاس میں جہلم سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سنیہ صافی نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی اور ضلع میں جاری مختلف اسکیموں کی تعمیراتی پیشرفت پر تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس کے دوران کمشنر راولپنڈی انجینئر عامر خٹک نے ہدایت کی کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تمام منصوبوں کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کیا جائے اور تعمیراتی کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں کا مقصد عوام کو براہِ راست ریلیف فراہم کرنا ہے، اس لیے فنڈز کے شفاف استعمال اور کام کی رفتار کو ہر صورت برقرار رکھا جائے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سنیہ صافی نے ویڈیو لنک پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی نگرانی میں تمام ترقیاتی کاموں کی کڑی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ضلع جہلم میں جاری تمام اسکیمیں اعلیٰ معیار کے ساتھ جلد مکمل کر لی جائیں گی تاکہ شہری ان سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔
