
جہلم ( بلال رضا ) القاسم انسٹیٹیوٹ برائے سپیشل بچگان، اسلام پورہ جہلم میں نہایت رنج و الم کے ساتھ ادارے کے معزز ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر رشید نیاز (کانٹے والے) کی چوتھی برسی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔ اس موقع پر ادارے کے صدر ملک آصف، کونسل ممبران اور مرحوم کے اہلِ خانہ نے ان کی قبر پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔
تقریب کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ملک آصف کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر رشید نیاز ایک نہایت مخلص، دردِ دل رکھنے والے اور بے لوث انسان تھے، جنہوں نے اپنی پوری زندگی سپیشل بچوں کی خدمت کے لیے وقف کر رکھی تھی۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم نے دن رات محنت، لگن اور جذبے کے ساتھ نہ صرف ادارے کو قائم رکھا بلکہ اسے ترقی کی راہ پر بھی گامزن کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ فنڈ ریزنگ سے لے کر ادارے کے انتظامی امور تک، ہر شعبے میں ڈاکٹر رشید نیاز کی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں۔ آج ادارے کی جانب سے فراہم کی جانے والی مفت سہولیات دراصل ان کی محنت، خلوص اور وژن کا عملی ثبوت ہیں۔
تقریب کے اختتام پر مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ڈاکٹر رشید نیاز کے مشن کو جاری رکھتے ہوئے سپیشل بچوں کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر رشید نیاز (کانٹے والے) کو ان کی فلاحی خدمات کے باعث ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
