
جہلم: ( بلال رضا) ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی خصوصی ہدایت پر میٹرک کے امتحانات کی شفافیت یقینی بنانے کے لیے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز نے مختلف امتحانی مراکز کے اچانک دورے کیے۔ ان دوروں کا مقصد امتحانی عمل، انتظامی انتظامات اور طلبہ کو فراہم کردہ سہولیات کا تفصیلی جائزہ لینا تھا۔ دوروں کے دوران افسران نے امتحانی مراکز میں مانیٹرنگ سسٹم، عملے کی حاضری اور پیپرز کی ترسیل کے عمل کو چیک کیا۔
انتظامی افسران نے کمرہ امتحان میں روشنی، پینے کے صاف پانی اور بیٹھنے کے مناسب انتظامات کا بھی معائنہ کیا۔ افسران نے امتحانی عملے کو سختی سے ہدایت کی کہ بوٹی مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے اور امتحانات کو مکمل طور پر صاف و شفاف اور پرامن ماحول میں منعقد کروایا جائے۔ کسی بھی قسم کی بدعنوانی یا نقل کی صورت میں سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
افسران نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ امتحانات کے بہتر انعقاد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے تاکہ کسی بھی قسم کی بیرونی مداخلت کو روکا جا سکے اور طلبہ مکمل یکسوئی کے ساتھ اپنا امتحان دے سکیں۔ ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی نگرانی میں تمام مراکز کی کڑی مانیٹرنگ جاری ہے تاکہ تعلیمی معیار اور امتحانی نظام کی ساکھ کو برقرار رکھا جا سکے۔
