جلالپور جٹاں میں تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کے قیام کے لیے بڑا احتجاجی دھرنا

Spread the love


(رپورٹ مرزا طارق محمود)
جلالپور جٹاں میں تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کے قیام کے مطالبے پر جماعت اسلامی کے زیر اہتمام بھرپور احتجاجی دھرنا دیا گیا۔ دھرنا سول ہسپتال کے سامنے منعقد ہوا جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور مطالبات کی منظوری تک جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
اس موقع پر امیر شہر ڈاکٹر مدبر صدیق، امیر پی پی 30 چوہدری انس مجاہد، نائب امیر زاہد محمود انصاری، قیم جماعت مرزا ارشد محمود اور سابق صدر انجمن بہبود مریضاں معراج دین بٹ نے خطاب کیا۔ مقررین نے واضح کیا کہ جلالپور جٹاں کی آبادی چھ لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے، اس کے باوجود یہاں تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کا نہ ہونا ایک سنگین ناانصافی ہے۔
ڈاکٹر مدبر صدیق نے اپنے خطاب میں کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے یقین دہانی کروائی گئی ہے کہ موجودہ سول ہسپتال کو ایک سے دو ماہ میں اپ گریڈ کر کے تحصیل سطح کا ہسپتال بنایا جائے گا اور ٹراما سنٹر کی تعمیر بھی جلد شروع کی جائے گی۔ تاہم انہوں نے دو ٹوک انداز میں کہا کہ یہ اقدامات اپنی جگہ، مگر جلالپور جٹاں کے لیے باقاعدہ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال ناگزیر ہے، جس میں سینکڑوں بیڈز اور مکمل سہولیات موجود ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ دیگر تحصیلوں میں کم آبادی کے باوجود مکمل ہسپتال قائم ہیں، جبکہ یہاں دگنی آبادی ہونے کے باوجود بنیادی سہولت سے محرومی ایک کھلا تضاد ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اس حق سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوں گے اور اگر ضرورت پڑی تو ہر فورم پر دلیل کے ساتھ یہ مقدمہ لڑا جائے گا۔
مقررین نے اعلان کیا کہ 12 اپریل کو صبح 10 بجے سے شام 5 بجے تک سول ہسپتال کے سامنے احتجاجی بھوک ہڑتالی دھرنا دیا جائے گا، تاکہ حکام کو عوامی مطالبے کی سنجیدگی کا احساس دلایا جا سکے۔
دھرنے کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور اسے عوام پر “ایٹم بم” قرار دیتے ہوئے مسترد کیا گیا۔ شرکاء نے بھرپور نعرہ بازی کی جبکہ سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
پروگرام کے اختتام پر شہید عمر افتاب کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی، جس میں شرکاء نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
شرکاء کا کہنا تھا کہ جب تک تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کا باقاعدہ قیام عمل میں نہیں آتا، احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں