جہلم ( بلال رضا) میجر محمد اکرم اعوان شہید کا یومِ ولادت آج 4 اپریل کو ملک بھر میں عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر مختلف شہروں میں دعائیہ تقاریب اور یادگاری پروگرامز کا انعقاد کیا گیا، جہاں قوم کے اس عظیم سپوت کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔میجر محمد اکرم شہید 4 اپریل کو ڈنگہ، ضلع گجرات میں اپنے ننھیال میں پیدا ہوئے، جبکہ ان کے والد کا تعلق نکاکلاں، ضلع جہلم سے تھا۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم ملٹری کالج جہلم (موجودہ سرائے عالمگیر، گجرات) سے حاصل کی، جو اس دور میں آفیسرز کینڈیڈیٹ سکول (OCS) کہلاتا تھا۔انہوں نے اپنے عسکری کیریئر کا آغاز بطور نان کمیشنڈ آفیسر کیا، تاہم محنت اور صلاحیت کے بل بوتے پر کمیشن حاصل کر کے افسر بنے اور کیپٹن سے ترقی پاتے ہوئے میجر کے عہدے تک پہنچے۔
1971 کی پاک بھارت جنگ کے دوران انہیں مشرقی پاکستان کے محاذ ہلی پر تعینات کیا گیا، جہاں انہوں نے دشمن کے خلاف بے مثال جرات اور بہادری کا مظاہرہ کیا۔ اسی غیر معمولی کارکردگی کی وجہ سے وہ “ہیرو آف ہلی” کے نام سے مشہور ہوئے۔
5 دسمبر 1971 کو مادرِ وطن کے دفاع میں لڑتے ہوئے انہوں نے جامِ شہادت نوش کیا۔ ان کی لازوال قربانی کے اعتراف میں انہیں پاک فوج کا اعلیٰ ترین اعزاز نشانِ حیدر عطا کیا گیا۔
معروف استاد پروفیسر سعید راشد نے بھی ان کی زندگی اور بہادری پر “شہید ہلی” کے عنوان سے کتاب تحریر کی، جس میں ان کی جرات و قربانی کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے۔
اس موقع پر مقررین نے کہا کہ میجر محمد اکرم شہید جیسے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کی بدولت پاکستان آج بھی قائم و دائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے جوانوں نے اپنے خون سے اس وطن کے گلشن کی آبیاری کی ہے، اور قوم ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔
