جلال پور جٹاں میں سڑکوں کی خستہ حالی ( بالخصوص کڑیانوالہ روڈ ، ٹانڈہ تا سرخپور روڈ کی تعمیر میں سست روی ) کے خلاف عوامی احتجاج !!!

Spread the love


فی الفور تعمیر کے مطالبے میں شدت !!!(رپورٹ سید وسیم شاہ )

جلال پور جٹاں کی دھول بھری سڑکوں پر جب عوام کا ” جم غفیر ” اُمڈ آیا تو یہ صرف ایک احتجاج نہیں تھا ، یہ برسوں کی محرومی تکلیف اور نظرانداز کیے جانے کے خلاف ایک مضبوط آواز تھی۔ دومیلاں چوک پر ہونے والا یہ احتجاج اس بات کا واضح اعلان تھا کہ اب صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
چار سال سے تاخیر کا شکار جلال پور جٹاں تا کڑیاں والا روڈ نہ صرف عوام کے لیے عذاب بن چکا ہے بلکہ اس نے روزمرہ زندگی کو شدید متاثر کر دیا ہے۔ مقامی افراد طلبہ کاروباری حضرات اور ٹرانسپورٹ سے وابستہ لوگ سب اس صورتحال سے بری طرح متاثر ہیں۔ جگہ جگہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑکیں نہ صرف حادثات کا سبب بن رہی ہیں بلکہ مختلف بیماریوں کو بھی جنم دے رہی ہیں ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

اس احتجاجی مظاہرے کی قیادت جماعت اسلامی کے امیدوار صوبائی اسمبلی پی پی 29 چوہدری شہباز احمد کری، امیدوار صوبائی اسمبلی پی پی 30 چوہدری انس مجاہد، جماعت اسلامی کے رہنما حافظ عبدالماجد اور زاہد محمود انصاری نے کی۔ مقررین نے اپنے خطاب میں نہ صرف اس اہم مسئلے کو اجاگر کیا بلکہ حکام بالا کو دوٹوک پیغام بھی دیا ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

چوہدری شہباز احمد کری نے اپنے خطاب میں ٹانڈہ سرخ پور روڈ کی خستہ حالی کا ذکر کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر ان سڑکوں کی تعمیر کا آغاز کیا جائے تاکہ حلقے کے تقریباً دو لاکھ افراد کو اس اذیت سے نجات مل سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ ناقص انفراسٹرکچر نے عوام کو بیماریوں اور دیگر مسائل میں جکڑ رکھا ہے ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

چوہدری انس مجاہد نے اس مسئلے کے معاشی پہلو پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ سڑکوں کی خراب حالت نے لوگوں کے کروڑوں روپے کے نقصان کا سبب بنایا ہے۔ چنگچی ڈرائیورز اور گاڑی مالکان اپنی سواریوں کی بار بار خرابی سے پریشان ہیں جبکہ کاروبار بھی بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔ انہوں نے انتظامیہ کو 15 دن کا الٹی میٹم دیتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو ڈی سی آفس کا گھیراؤ کیا جائے گا ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

امیر جماعت اسلامی ٹانڈہ حافظ عبدالماجد نے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دلایا کہ جماعت اسلامی ہمیشہ عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے اتحاد اور پرامن احتجاج کی طاقت پر زور دیا ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی جلالپورجٹاں زاہد محمود انصاری نے نظامت کے فرائض بخوبی انجام دیے جبکہ اسلامی جمعیت طلبہ گجرات کے تحصیل ناظم حسنین ریاض نے طلبہ کو درپیش مشکلات اور سڑکوں کی خستہ حالی کے باعث پیش آنے والے حادثات پر خصوصی توجہ دلائی ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

احتجاجی قافلے کا مختلف مقامات پر عوام نے بھرپور استقبال کیا۔ جگہ جگہ لوگوں نے مظاہرین پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور قائدین کا پرتپاک خیرمقدم کیا، جس سے اس تحریک کو مزید تقویت ملی اور عوامی یکجہتی کا عملی مظاہرہ دیکھنے میں آیا ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

دوسری جانب سیکیورٹی کے سخت انتظامات بھی دیکھنے میں آئے۔ ایس ایچ او تھانہ سٹی محمد انور سرلہ کی قیادت میں پولیس اہلکار چاک و چوبند رہے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر مستعد دکھائی دیے۔ پولیس نے احتجاجی مظاہرے کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی، جس کے باعث یہ پروگرام پرامن انداز میں اختتام پذیر ہوا اور ٹریفک کی روانی بھی متاثر نہیں ہونے دی گئی ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

یہ احتجاج صرف ایک سڑک کی تعمیر کا مطالبہ نہیں بلکہ ایک بہتر محفوظ اور باعزت زندگی کی جدوجہد ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ متعلقہ حکام اس عوامی آواز کو کب اور کیسے سنتے ہیں یا پھر ابھی عوام کو مزید احتجاج کا دائرہ کار وسیع کرنا پڑیگا ۔۔۔ اس بات کا فیصلہ آنیوالا وقت ہی کریگا ۔۔۔۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں