
جلالپور جٹاں (رپورٹ مرزا طارق محمود)
جلالپور جٹاں کے محلہ بابے دا لاہور میں پیش آنے والا دل دہلا دینے والا واقعہ صرف ایک خبر نہیں، بلکہ ہمارے اجتماعی ضمیر پر ایک کاری ضرب ہے۔ ایک پونے دو سالہ معصوم بچی، مشال فاطمہ، جو اپنے ننھیال چند خوشگوار دن گزارنے آئی تھی، کھلے سیورج نالے میں گر کر ہمیشہ کے لیے اس دنیا سے رخصت ہو گئی۔
وہ ننھی کلی، جو ابھی زندگی کے معنی بھی نہ سمجھ پائی تھی، ماں کی انگلی تھام کر چلنا سیکھ رہی تھی، اچانک ایک ایسے اندھے نظام کی نذر ہو گئی جس میں بنیادی سہولیات بھی خواب بن چکی ہیں۔یہ واقعہ کسی ایک گھر کا دکھ نہیں، بلکہ پورے معاشرے کی بے حسی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ سوال یہ نہیں کہ یہ حادثہ کیسے پیش آیا، سوال یہ ہے کہ یہ حادثہ روکا کیوں نہ جا سکا؟کیا جلالپور جٹاں جیسے علاقوں میں کھلے سیورج نالے کسی کو نظر نہیں آتے؟ کیا ان نالوں کو ڈھانپنا کسی ادارے کی ذمہ داری نہیں؟ کیا بارہا شکایات کے باوجود بھی خاموشی اختیار کرنا مجرمانہ غفلت نہیں؟”صاف ستھرا پنجاب” جیسے منصوبے اپنی جگہ، مگر جب زمین پر حقیقت اس کے برعکس ہو، تو یہ نعرے محض کاغذی دعوے محسوس ہوتے ہیں۔ کیا صرف سڑکوں کی صفائی اور دیواروں کی رنگائی سے ایک معاشرہ محفوظ ہو جاتا ہے؟ یا پھر انسانی جانوں کا تحفظ بھی ریاست کی اولین ذمہ داری ہونی چاہیے؟
اہلِ علاقہ کا احتجاج، ان کا غم اور ان کا غصہ بالکل بجا ہے۔ کیونکہ یہ صرف ایک بچی کی موت نہیں، یہ غفلت، لاپرواہی اور ناقص نظام کا نتیجہ ہے۔ یہ ایک ایسا سانحہ ہے جس نے کئی سوالات کو جنم دیا ہے—جن کے جواب اب بھی تشنہ ہیں۔یہ حادثہ نہیں، یہ ایک اجتماعی ناکامی ہے۔ ہر وہ ادارہ، ہر وہ افسر اور ہر وہ ذمہ دار شخص جو اس صورتحال کو بہتر بنانے میں ناکام رہا، اس معصوم جان کے ضیاع میں برابر کا شریک ہے۔اب وقت آ گیا ہے کہ محض بیانات اور وعدوں سے آگے بڑھا جائے۔ فوری طور پر کھلے سیورج نالوں کو ڈھانپا جائے، نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنایا جائے اور شہریوں خصوصاً بچوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔کیونکہ اگر آج بھی ہم نے آنکھیں بند رکھیں، تو کل کسی اور ماں کی گود اجڑ جائے گی۔ اور پھر شاید ہم سب کو اس خاموشی کی قیمت چکانا پڑے۔یہ معصوم بچی کی موت ایک سوال ہےاور اس سوال کا جواب اب بھی ہمارے نظام کا منتظر ہے۔
