
جہلم (بلال رضا) ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پنڈ دادنخان کا تفصیلی دورہ کیا جہاں انہوں نے طبی سہولیات اور عملے کی حاضری کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر پنڈ دادنخان عائشہ شفقت بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال کی فارمیسی اور ادویات کی دستیابی کا باریک بینی سے جائزہ لیا اور مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کا حکم دیا۔
دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے وارڈز میں زیر علاج مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات کی اور عملے کے رویے اور فراہم کردہ سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو صفائی کے نظام کو مزید بہتر بنانے اور مریضوں کی شکایات کے فوری ازالے کی ہدایت کی۔
ڈپٹی کمشنر جہلم نے ہدایت کی کہ مریضوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آیا جائے اور طبی امداد کی فراہمی میں کسی قسم کا تعطل نہ آنے دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کا مقصد عوام کو ان کی دہلیز پر بہترین علاج کی سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ شہریوں کو ریلیف مل سکے۔
