آل سبی سلطان پریمئر لیگ کا شاندار اختتام، سخی اللہ داد چانڈیو کلب سبی چیمپئن قرار

Spread the love


بیورو چیف بلوچستان ملک بشیر احمد مندوانی رندسبی سے خبر شامل کرتے ہیں
آل سبی سلطان پریمئر لیگ کا شاندار اختتام، سخی اللہ داد چانڈیو کلب سبی چیمپئن قرار
سبی: آل سبی سلطان پریمئر لیگ کا سنسنی خیز اور تاریخی فائنل میچ سخی اللہ داد چانڈیو کلب سبی اور خان خدا داد خان مرغزانی کلب کے درمیان کھیلا گیا، جس میں سخی اللہ داد چانڈیو کلب نے زبردست مقابلے کے بعد 10 رنز سے کامیابی حاصل کر کے ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
میچ کے مہمانِ خصوصی سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان ڈومکی کے صاحبزادے میر محمد روحیل خان ڈومکی تھے۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ سید طالب حسین شاہ، سید اکرم شاہ، سید اختر حسین شاہ، سردار شادی خان نودھانی، میر حضور بخش رند اور حاجی احمد بلوچ بھی موجود تھے، جنہوں نے میچ کی رونق کو مزید بڑھا دیا۔
میچ کے آغاز پر سخی اللہ داد چانڈیو کلب نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ سہیل سیلاچی نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 49 رنز اسکور کیے، جبکہ الطاف مری نے 16 رنز بنا کر ٹیم کے مجموعے میں اہم اضافہ کیا۔
خان خدا داد خان مرغزانی کلب کی جانب سے آصف مرغزانی نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ جہانگیر شاہ نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
جواب میں خان خدا داد خان مرغزانی کلب نے ابتدا میں بہترین کھیل پیش کیا، تاہم وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کے باعث ٹیم دباؤ کا شکار رہی۔ میچ انتہائی سنسنی خیز مرحلے میں داخل ہوا اور آخری اوور تک جاری رہا۔ وحید سیلاچی نے 27 اور تنویر سومرو نے 19 رنز بنائے، مگر ٹیم مقررہ ہدف حاصل نہ کر سکی اور 10 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
فائنل میچ دیکھنے کے لیے ہزاروں کی تعداد میں شائقینِ کرکٹ گراؤنڈ میں موجود تھے، جو سبی کی کرکٹ تاریخ کا ایک یادگار لمحہ ثابت ہوا۔ بڑی تعداد میں معزز شخصیات کی شرکت نے ایونٹ کو چار چاند لگا دیے۔
اختتامی تقریب میں جیتنے اور رنر اپ ٹیموں میں نقد انعامات اور ٹرافیاں تقسیم کی گئیں۔ مین آف دی ٹورنامنٹ کا اعزاز الطاف مری نے حاصل کیا، جبکہ بیسٹ باؤلر آصف مرغزانی قرار پائے۔ فائنل میچ میں شاندار کارکردگی پر مین آف دی میچ سہیل سیلاچی کو دیا گیا۔
میچ میں کمنٹری کے فرائض مرتضیٰ خجک اور ناصر رند نے انجام دیے، جبکہ امپائرنگ جبار سومرو اور اویس لاشاری نے کی۔ میچ کی لائیو کوریج پرویز چانڈیو نے کی جبکہ اسکورنگ مستقیم ابڑو کے سپرد رہی۔
ٹورنامنٹ کے آرگنائزرز میں سید حاجی شاہ، قاسم خان مرغزانی، وراث کھوسہ، بلال شاہ اور زوہیب ابڑو شامل تھے، جنہوں نے ایونٹ کو کامیاب بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں