قائم مقام کمشنر و ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد نے وزیرآباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (WIC) کا تفصیلی دورہ کیا

Spread the love

وزیرآباد(حکیم رفعت نسیم سے)قائم مقام کمشنر و ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد نے وزیرآباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (WIC) کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔دورے کے دوران نوید احمد نے ہسپتال میں صفائی و ستھرائی کے انتظامات اور مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے بالخصوص مفت ادویات کی فراہمی کے نظام کا باریک بینی سے معائنہ کیا اور متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ مریضوں کو ادویات کی بلا تعطل اور شفاف فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔انہوں نے ڈاکٹرز اور طبی عملے پر زور دیا کہ وہ مریضوں کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات فراہم کرنے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی سے گریز کریں۔ ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نے WIC کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ مریضوں کی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دیں اور ہسپتال کی کارکردگی کو مزید بہتر بنائیں۔دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے “خوبصورت پنجاب پروگرام” کے تحت صوبے بھر میں بازاروں کی جدید خطوط پر استواری اور تزئین و آرائش کا عمل جاری ہے۔ اسی سلسلے میں قائم مقام کمشنر گوجرانوالہ و ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد نے ماڈل بازار وزیرآباد کا دورہ کیا۔دورے کا مقصد پروگرام کے تحت جاری کاموں کا جائزہ لینا اور سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا تھا۔ ان دوروں کے دوران ان کے ہمراہ ایم این اے بلال فاروق تارڑ، ایم پی اے چودھری وقار احمد چیمہ، اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد جواد حسین پیرزادہ، سابق چیرمین بلدیہ بابو شعیب ادریس، ایاز میر، خواجہ محمد شعیب، ناصر محمود اللہ والے، عامر مشتاق، محمد اکبر بٹ سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔خوبصورت پنجاب پروگرام کا مقصد موجودہ بازاروں کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنا اور ان کی ظاہری خوبصورتی کو بہتر بنانا ہے تاکہ شہریوں کو خریداری کے لیے ایک بہتر اور دلکش ماحول فراہم کیا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں