کروڑوں روپے مالیت کی یہ بسیں ہمارا قومی اثاثہ ہیں، عوام ان کی حفاظت میں ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔ٹرمینل مینجر الیکٹرو بس سروس جہلم

Spread the love


جہلم میں الیکٹرو بس سروس کے حوالے سے ٹرمینل مینجر حماد بن ارشد نے نیوز رپورٹر ظہیر عباس اور ٹیچر یونین کی صدر مومنہ ماہرو گوندل سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بس سروس کے آپریشنز اور عوامی مسائل پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔اس موقع پر مشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے صحت میجر جنرل ریٹائرڈ اظہر محمود کیانی اور ایم این اے بلال اظہر کیانی کی کاوشوں کو شاندار الفاظ میں سراہا گیا، جن کی بدولت جہلم کے عوام کو جدید سفری سہولیات میسر آئیں۔ٹرمینل مینجر نے سنگھوئی روٹ پر کارڈ چیکنگ کے دوران سامنے آنے والی عوامی شکایات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ملکی حالات کے پیش نظر لوگوں کی شناخت اور شناختی کارڈ وغیرہ چیک کرنا انتظامی احکامات کا حصہ ہے، جو کہ سیکیورٹی کے حوالے سے بھی نہایت ضروری ہیں۔

انہوں نے دینہ سے آنے والے مسافروں کو فوجی فاؤنڈیشن ٹرمینل پر اتارنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ یہاں روٹ کا اختتام ہو جاتا ہے اور آگے چارجنگ پوائنٹ کی عدم دستیابی کی وجہ سے بس کو مزید آگے لے جانا فی الحال ممکن نہیں، تاہم انتظامیہ اس تکنیکی مسئلے کو دیکھ رہی ہے۔​ملاقات کے دوران ٹرمینل مینجر نے مسافروں اور بالخصوص طلبہ کی ایک بڑی تعداد کے رویے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کروڑوں روپے مالیت کی ان قیمتی گاڑیوں کے شیشے توڑ کر انہیں نقصان پہنچانا اور عملے کے ساتھ بدتمیزی کرنا افسوسناک ہے جو ایک مہذب شہری کے شایان شان نہیں۔انہوں نے عوام کو آگاہ کیا کہ جلد ہی دینہ سے سوہاوہ اور پنڈ دادن خان روڈ پر بھی بس سروس کا آغاز کر دیا جائے گا، جبکہ مسافر کسی بھی شکایت کی صورت میں فوری انتظامیہ سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ٹیچر یونین کی صدر مومنہ ماہرو گوندل نے بھی عوام سے پرزور اپیل کی کہ وہ ان بسوں کو اپنا قیمتی قومی اثاثہ سمجھیں اور ان کی حفاظت کو یقینی بنائیں تاکہ یہ جدید سفری سہولت کامیابی کے ساتھ جاری رہ سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں