مسلم ہینڈز انٹرنیشنل نہ صرف تعلیم بلکہ کھیلوں کے میدان میں بھی نوجوانوں کو آگے بڑھانے کے لیے کوشاں ہے

Spread the love


وزیرآباد ( رپورٹ این کیو ایم )
مسلم ہینڈز انٹرنیشنل نہ صرف تعلیم بلکہ کھیلوں کے میدان میں بھی نوجوانوں کو آگے بڑھانے کے لیے کوشاں ہے اور اس کی اکیڈمیز سے تربیت یافتہ کھلاڑی دنیا بھر میں پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں، ان خیالات کا مسلم ہینڈز انٹر نیشنل کے کنٹری مینیجر صاحبزادہ پیر سید ضیا النور نے مسلم ہینڈز ایجوکیشن کمپلیکس کے محمد رشید گراؤنڈ میں حافظ آباد ڈی ایف اے اور وزیرآباد فٹ بال الیون کے درمیان کھیلے گئے چیلنج میچ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ انڈر سولہ فٹبال ٹیم کے کھلاڑی تاجکستان میں اپنی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں جبکہ مسلم ہینڈز سٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم مئی میں میکسیکو میں ہونے والے عالمی کپ میں شرکت کرے گی انہوں نے کہا فٹبال کے فروغ کے لیے ادارے کے دروازے ہر کھلاڑی اور ایسوسی ایشن کے لیے کھلے ہیں اور یہ ادارہ کرکٹ اور فٹبال کی قومی ٹیموں کے لیے ایک مضبوط نرسری ثابت ہوگا، مہمانِ خصوصی سرپرست اعلیٰ ینگ تھنکرز کلب پاکستان انجینئر نعیم قیصر نجمی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان میں فٹبال کے فروغ کے لیے سنجیدہ اور مربوط کوششوں کی ضرورت ہے اور مسلم ہینڈز جیسے ادارے نوجوان ٹیلنٹ کو نکھارنے میں قابلِ تحسین کردار ادا کر رہے ہیں، چیئرمین پریس کلب نجیب اللہ نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے جوش وجذبہ اور اعلی کاکردگی کی تعریف کی بعد ازاں کھیلے گئے میچ میں حافظ آباد ڈی ایف اے نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے ایک کے مقابلے میں سات گول سے کامیابی حاصل کی، حافظ آباد کی جانب سے سلیمان احمد نے چار، علی عباس نے دو اور آبرار احمد نے ایک گول اسکور کیا جبکہ وزیرآباد کی طرف سے واحد گول ہاشر نے کیا اور دونوں ہاف میں حافظ آباد کی ٹیم مکمل طور پر حاوی رہی، قبل ازیں چیئرمین پریس کلب نجیب اللہ ملک، سابق قومی فٹبالر نادر شکیل اور سینئر صحافی انجینئر نعیم قیصر نجمی نے میچ کا افتتاح کیا اور کھلاڑیوں سے تعارف حاصل کیا جبکہ میچ کو گوجرانوالہ کے معروف ریفری فرید احمد نے سپروائز کیا، بہترین کارکردگی پر پاکستان سٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم کے کوچ محمد رشید نے سلیمان احمد کو مین آف دی میچ جبکہ دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں مبارک علی، حافظ شیراز، ہاشر، علی عباس اور آبدار احمد شامل تھے، اختتام پر صاحبزادہ سید ضیاءالنور، نادر شکیل اور انجینئر نعیم قیصر نجمی نے فاتح اور رنر اپ ٹیموں کے کپتانوں، بہترین کھلاڑیوں، کوچز اور میچ ریفری میں انعامات تقسیم کیے جبکہ کوآرڈینیٹر نادر شکیل کی جانب سے مہمانوں کو تحائف پیش کیے گئے، ٹیم کوچز محمد اعظم، حفیظ خان اور کوآرڈینیٹر نادر شکیل نے شاندار میزبانی پر مسلم ہینڈز انتظامیہ بالخصوص صاحبزادہ سید ضیاءالنور، پی ایم امجد محمود صدیقی، کوچ رشید احمد اور دیگر کا شکریہ ادا کیا، میچ کے دوران مسلم ہینڈز کمپلیکس اور مدرسہ ضیاءالحرمین کے طلبہ کی بڑی تعداد نے بطور تماشائی شرکت کی اور کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جبکہ آخر میں دونوں ٹیموں کے اعزاز میں پرتکلف عشائیہ بھی دیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں