بہارہ کہو (نمائندہ خصوصی) الفلاح مینجمنٹ کمیٹی نئی آبادی کا ہنگامی جنرل باڈی اجلاس چیئرمین سید مختار حسین شاہ اور صدر عدنان عباسی کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں علاقے کے معززین اور ممبران کی بڑی تعداد نے شرکت کی، اجلاس میں نئی آبادی مین روڈ کی کارپٹنگ کے منصوبے میں مجرمانہ تاخیر پر شدید غم و غصے اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متفقہ قرارداد منظور کی گئی جس میں متعلقہ حکام سے فوری طور پر تعمیراتی کام شروع کرنے کا مطالبہ کیا گیا، شرکاء نے مؤقف اختیار کیا کہ ٹھیکیدار نے کارپٹنگ کے نام پر سڑک کو مکمل اکھاڑ کر گزشتہ دو ماہ سے کام بند کر رکھا ہے جس کے باعث بارشوں کے بعد سڑک ندی نالے کا منظر پیش کر رہی ہے اور کھڑے گندے پانی سے مچھروں کی افزائش میں اضافہ ہو گیا ہے جس سے ڈینگی سمیت مختلف وبائی امراض پھیلنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے، اجلاس میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ سڑک کی خستہ حالی کے باعث اسکول کے طلبہ، بزرگ شہری، مریض اور روزمرہ سفر کرنے والے ہزاروں افراد شدید مشکلات کا شکار ہیں جبکہ کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں، کمیٹی نے ایک ہفتے کا الٹی میٹم دیتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر مقررہ مدت میں تعمیراتی کام بحال نہ کیا گیا تو علاقہ مکین اپنے آئینی حق کے تحت پرامن احتجاج پر مجبور ہوں گے جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ محکموں اور ٹھیکیدار پر عائد ہوگی، کمیٹی نے وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، رکن قومی اسمبلی، اور ضلعی انتظامیہ و مقامی قیادت سے فوری نوٹس لینے اور مسئلے کے حل کے لیے ہنگامی اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا۔
