وزیر آباد (طارق جاوید ملک بیورو چیف) دینی ادارے کفر والحاد کی یلغار کے سامنے ڈھال کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ دینی و عصری علوم کے امتزاج سے اسلام کی ترویج احسن انداز ممکن ہے۔ ان خیالات کا اظہار سابق وزیر اعلی خیبرپختونخوا ،سینیٹر سید محمد صابر شاہ نے مسلم ھینڈز کے انٹرنیشنل چئیرمن صاحبزادہ سید لختِ حسنین ستارہ امتیاز کے ہمراہ مسلم دارالعلوم ضیاءالحرمین سوہدرہ میں درس نظامی کے اقامتی طلباء کے لئے نئے بلاک کی عمارت کا افتتاح کرتے ہوئے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر پراجیکٹ مینجر امجد محمود صدیقی ، کوآرڈینیٹر صاحبزادہ سید آل احمد ،پبلک ریلیشن پرسن طارق جاوید ملک اور دیگر زعماء بھی موجود تھے۔ دارالعلوم ضیاءالحرمین کے پرنسپل علامہ مظفر اقبال چشتی نے بتایا کہ اداری میں 250 سے زائد طلباء قرآنی علوم حاصل کر رہے ہیں اور حفظ مکمل کرنے والے طلبہ کو درس نظامی اور گریجوایشن تک تعلیم کا نظام قائم کیا گیا ہے۔ اور اقامتی طلباء کو تمام آسائشیں ادارے کی جانب سے فراہم کی جائیں گی ۔
