تھانہ جلالپور شریف کے علاقہ میں بڑھتے ہوئے جرائم نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی،

Spread the love

جہلم (بیورورپورٹ) تھانہ جلالپور شریف کے علاقہ میں بڑھتے ہوئے جرائم نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی، چوری، ڈکیتی، ہوائی فائرنگ اور لڑائی جھگڑوں کے پے در پے واقعات کے باعث علاقہ مکین شدید خوف و ہراس میں مبتلا ہو گئے شہریوں کا کہنا ہے کہ امن و امان کی ابتر صورتحال کے باعث راتوں کی نیندیں حرام ہو چکی ہیں جبکہ تاجروں اور عام لوگوں میں عدم تحفظ کا احساس روز بروز بڑھتا جا رہا ہےتفصیلات کے مطابق تھانہ جلالپور شریف کے مختلف علاقوں میں جرائم پیشہ عناصر دندناتے پھر رہے ہیں اور پولیس جرائم پر قابو پانے میں ناکام دکھائی دے رہی ہے۔ علاقہ مکینوں کے مطابق گزشتہ دو ہفتوں کے دوران ہوائی فائرنگ، لڑائی جھگڑوں، چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے جس سے پورا علاقہ خوف کی علامت بن چکا ہے۔
گزشتہ روز پننوال میں نامعلوم مسلح ڈاکوؤں نے ایک سویٹ اینڈ کریانہ سٹور میں گھس کر لاکھوں روپے نقد اور قیمتی سامان لوٹ لیا اور بآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ واردات کے بعد تاجروں اور شہریوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے جبکہ کاروباری طبقہ خود کو غیر محفوظ سمجھنے لگا ہےشہریوں کا کہنا ہے کہ اگر فوری اور مؤثر اقدامات نہ کیے گئے تو جرائم مزید بڑھ سکتے ہیں اور علاقہ کا امن مکمل طور پر تباہ ہو سکتا ہے۔ علاقہ مکینوں نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شفیق احمد چوھدری سے فوری نوٹس لینے، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کرنے اور تھانہ جلالپور شریف میں،محنتی، فرض شناس، ایماندار اور متحرک ایس ایچ او تعینات کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ عوام کو تحفظ فراہم کیا جا سکے اور علاقے میں دیرپا امن قائم ہو سکے،

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں